• news

بھارت نے خود ہی ایجنڈا طے کر لیا‘ پاکستان قومی سلامتی مشیروں کی ملاقات منسوخ کر سکتا ہے : ذرائع

اسلام آباد (مقبول ملک/ دی نیشن رپورٹ + ایجنسیاں) بھارت نے قومی سلامتی کے مشیروں کے اجلاس کا ایجنڈا خود ہی طے کیا ہے اور پاکستان اس ملاقات سے انکار بھی کرسکتا ہے۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملاقات کا ایجنڈا ابھی طے نہیں ہوا۔ پاکستان نے اس ملتوی شدہ اجلاس کی توثیق نہیں کی۔ سفارتی ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے مشاورت کے بغیر ایجنڈا طے کئے جانے کے بعد پاکستان یہ مجوزہ ملاقات منسوخ بھی کرسکتا ہے۔ بھارت نے سرتاج عزیز کو دورے کی باضابطہ دعوت دے دی ہے۔ دعوت نامہ دختر خارجہ کو موصول ہو گیا ہے۔ بعض ذرائع کے مطابق پاکستان نے 23 اگست کی تاریخ کے حوالے سے دعوت نامے پر غور شروع کردیا ہے لیکن تاحال اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارت نے 23 اور 24 اگست کو دونوں ملکوں کے قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان ملاقات کی تجویز دی گئی ہے۔ پاکستان بھارت کی تجویز کا جائزہ لے رہا اور اس بارے میں ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ ملاقات کے بارے میں ابھی فیصلہ نہیں کیا گیا نہ ہی ملاقات کا ایجنڈا طے ہوا ہے۔ اطلاعات کے مطابق سرتاج عزیز بھارتی حکام سے ممکنہ ملاقات میں کراچی، بلوچستان اور قبائلی علاقوں میں بھارت مداخلت پر اپنے تحفظات سے آگاہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق بھارت نے پاکستان کو دہشت گردی سے درپیش خطرات کے پیش نظر 23 اگست کو قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات کی پیشکش کردی ہے۔ ایک پاکستانی سفارت کار نے پیشرفت کی تصدیق کی۔ بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے پارلیمنٹ سے خطاب میں مناسب جواب کی دھمکی دی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت اس ملاقات کے دوران گورداس پور کا معاملہ پاکستان کے ساتھ اٹھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ ممبئی حملوں کے مبینہ منصوبہ سازوں کے ٹرائل اور ذکی الرحمان لکھوی کی ضمانت کے معاملات پر بھی بات چیت کےلئے منصوبہ بندی کررہا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقاتوں کی تاریخوں پر بات چیت جاری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن