وفاقی حکومت کو بلوچستان کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرکے دل جیتنا ہونگے: شاہ زین بگٹی
راولپنڈی (صباح نیوز) جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ شاہ زین اکبر بگٹی نے اسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کونسل کے ممبر حاجی محمد گلزار اعوان سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے کہا ہے بلوچستان کے عوام کی محرومیاں جتنی دیرینہ اور گہری ہیں وفاقی حکومت کو اتنا ہی زیادہ کام کرکے بلوچی عوام کے دل جیتنا ہونگے۔ ہمارے اسلاف نے پاکستان کیلئے بہت قربانیاں دی ہیں اور ہمارا صوبہ سب سے زیادہ مسائل زدہ اور عوام محروم ہیں۔ بلوچی عوام وفاق سے چاہتے ہیں وہ تمام صوبوں کے عوام سے یکساں سلوک کرے۔ بلوچی عوام محب وطن اور وقت آنے پر ملک کی سلامتی و وحدت پر اپنی جان قربان کر دینے والے ہیں۔ ہم سارے صوبوں کے عوام کے ساتھ مل کر پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں مگر وفاق کو ہمارے حقوق کا بھی پورا خیال کرنا چاہئیے۔ حاجی محمد گلزار اعوان نے گفتگو کرتے کہا بلوچی عوام کی حب الوطنی میں کسی شک و شبے کی گنجائش نہیں ہے۔ پنجاب، سندھ، کے پی کے اور کشمیر کے عوام اپنے بلوچی بھائیوں سے گہری محبت اور وابستگی رکھتے ہیں۔ بلوچی عوام کے حقوق کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی جمہوری وطن پارٹی کے ساتھ کھڑی ہے۔