2013ء کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) اور افتخار چودھری کا مک مکا خارج از امکان نہیں جوڈیشل کمشن میں تھیلے کھولنے کا فیصلہ ہو جاتا
تو دھاندلی ثابت ہو چکی ہوتی: اعتزاز احسن
لاہور (آئی این پی) اپوزیشن لیڈر سینٹر سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ 2013ء کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) اور جسٹس افتخار احمد چودھری کے مک مکائو کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا اگر جوڈیشل کمشن میں تھیلے کھولنے کا فیصلہ ہو جاتا تو دھاندلی ثابت ہو چکی ہوتی‘ عمران خان کو جوڈیشل کمشن کے فیصلے کے بعد نوازشریف کو مبارکباد اور کسی سے معافی مانگنے کی ضرورت نہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ الیکشن کمشن کے اراکین کو مستعفی ہو جا نا چاہئے‘ سیاست کرنا جسٹس (ر) افتخار محمد چودھری کا آئینی حق ہے مگر میں ان کا ساتھ نہیں دوں گا ۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا اس میں کوئی شک نہیں عام انتخابات میں بدترین دھاندلی ہوئی۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) اس پوزیشن میں نہیں وہ تحریک انصاف کے اراکین کو ڈی سیٹ کرواکے منی عام انتخابات میں حصہ لیکر کامیابی حاصل کر سکے۔