عوامی جمہوری اتحاد پاکستان 14 اگست کو تحریک انصاف میں ضم کر نے کا فیصلہ
صوابی( نامہ نگار) صوبائی حکومت کی اتحادی جماعت عوامی جمہوری اتحاد پاکستان کی قیادت نے 14 اگست کو باقاعدہ طور پر پاکستان تحریک انصاف میں پارٹی کو ضم کر نے کا فیصلہ کر لیا۔ اس سلسلے میں ترکئی ہائوس میں عوامی جمہوری اتحاد پاکستان کے بانی رہنما سینیٹر لیاقت خان ترکئی کی صدارت میں ہونے والے اہم اجلاس میں پارٹی قیادت نے حتمی فیصلے کی توثیق کردی۔ پی ٹی آئی کی جانب سے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین اور صوبائی صدر اعظم سواتی نے اہم کر دار ادا کیا جبکہ صوابی سے تعلق رکھنے والے سپیکر خیبر پی کے اسمبلی اسد قیصر اور پی ٹی آئی کی ضلعی قیادت عوامی جمہوری اتحاد کو پی ٹی آئی میں ضم کر نے کے فیصلے سے نا خوش نظر آرہے ہیں اور تحفظات کااظہار کیا ہے۔ انتہائی باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ عوامی جمہوری اتحاد پاکستان جو کہ موجودہ صوبائی حکومت کا حصہ بھی ہے،کے چیئرمین صوبائی سینئر وزیر شہرام خان ترکئی ہیں جبکہ اتحاد کے بانی رہنما حالیہ سینیٹ الیکشن سے قبل پی ٹی آئی میں شامل ہو کر سینیٹ الیکشن جیتا ہے ۔ضلع صوابی میں سب سے زیادہ نشستیں یعنی ایک قومی اور چار صوبائی حاصل کی ہیں، کی قیادت نے باضابطہ طور پر اپنی پارٹی کا وجود ختم کر نے اور اے جے آئی کو پی ٹی آئی میں ضم کر نے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ 14 اگست کو عمران خان ترکئی ہائوس میں تاریخی جلسہ عام میں شرکت کرینگے جس میں عوامی جمہوری اتحاد پاکستان کو پی ٹی آئی میں باقاعدہ طور پر ضم کر نے کاا علان کیا جائیگا جس کیلئے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔