پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مستقبل کا فیصلہ رواں ہفتے ہوگا
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مستقبل کا فیصلہ رواں ہفتے میں وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کی جانب سے کر دیا جائے گا تاہم ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ قومی کھیل کی بھاگ دوڑ کسی ایسے شخص کو نہیں سونپی جائے گی جو ماضی میں ناکام رہ چکا ہو۔ حکومت پاکستان کی جانب سے بنائی جانے والی تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی سفارشات کے ساتھ رپورٹ وزیر اعظم کو تین روز قبل بھجوا رکھی ہے جس پر اگلے چند روز میں فیصلہ آنے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ عہدیداران کو ہٹانے کے لیے پاکستان سپورٹس بورڈ اور وزارت قانون تمام پہلووں کا جائزہ لے رہی ہے۔ پی ایچ ایف آئین میں ایسی شق کو بھی تلاش کیا جا رہا ہے جس کے تحت پیٹرن انچیف قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر عہدیداران کہ ہٹانے کا اختیار رکھتے ہیں۔ میر ظفر اﷲ جمالی کے دوبارہ صدر بننے کے امکانات انتہائی مخدوش ہیں ۔ وزیر اعظم میاں نواز شریف نے قریبی ساتھیوں کے ساتھ مشاورت کی ہے۔ سابق کپتان شہباز سینئر کو موقع دیئے جانے کا امکان ہے جبکہ فیڈریشن کے دیگر عہدیداران کا تقرر وزیر اعظم کی ثواب دید پر ہے جس میں کوئی نامور شخصیت یا کوئی سابق کھلاڑی موجود نہیں ہے۔