• news

فیفا، اے ایف سی وفد کی فیصل صالح، ظاہر شاہ سے ملاقات

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان میں فٹبال کے معاملات کا جائزہ لینے کے لیے آئے تین رکنی فیفا اور اے ایف سی کے وفد نے حکومتی مداخلت پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان فیڈریشن کے صدر فیصل صالح حیات اور متوازی تنظیم کے ظاہر شاہ کے ساتھ تفصیلی ملاقات کی۔ لاہور کے مقامی فائیو سٹار ہوٹل میں وفد نے فیفا کی جانب سے ناپسندیہ شخصیت قرار دیئے جانے والے حافظ سلمان بٹ سے ملاقات کرنے سے اجتناب کیا۔ وفد کے سربراہ سائپرس فٹبال ایسوسی ایشین کے صدر تھے۔ وفد نے پی ایف ایف صدر سے ملاقات کے بعد حکومت کی ایما پر وجود میں آنے والے باڈی کے ظاہر شاہ سے ملاقات کی اور گذشتہ دو تین ماہ سے پاکستان میں فٹبال کی سرگرمیوں کے حوالے سے ہونے والی ڈیویلپمنٹ کے متعلق تفصیلی معلومات حاصل کیں۔ وفد کے ارکان نے لاہور میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹننٹ جنرل (ر) عارف حسن سے بھی ملاقات کی اور انہیں پاکستان میں کھیلوں کے حوالے سے معاملات کے بارے میں پوچھا۔ ذرائع کے مطابق فیفا کے تین رکنی وفد نے لاہور میں واقع فیفا فٹبال ہاوس پر ہونے والے قبضے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ فیفا وفد اگلے چند روز میں پاکستان فٹبال کے معاملات کے حوالے سے اپنی رپورٹ تیار کر کے متعلقہ شعبہ میں جمع کرا دے گا جس کے بعد کوئی ایکشن لیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن