سپیشل اولمپکس اختتام پذیر‘ پاکستان کے 13 گولڈ سمیت 34 تمغے
لاس اینجلس(سپورٹس ڈیسک )سپیشل اولمپک کا گزشتہ روز اختتام ہو گیا ۔ پاکستان نے سونے کے 13 تمغوں سمیت 34 میڈلز جیت لیے ہیں۔25 جولائی سے دو اگست تک جاری رہنے والے مقابلوں میں پاکستان نے 8 کھیلوں میں 34 میڈلز جیتے۔ سپیشل اولمپیئن نے سائیکلسٹ کے مقابلوں میں 11 سونے کے تمغے جیتے جبکہ پاکستانی سوئمر دو سونے اور دو چاندی کے تمغے اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے۔ایتھلیٹکس میں پاکستان نے آٹھ میڈلز جیتے جس میں رامیل ارشاد اور سائرہ اکرام نے سونے، نادر حسین، آمنہ ارشاد اور امجد خان نے چاندی جبکہ ماروی اظہر، نائب بی بی اور محمد وسیم نے کانسی کے تمغے جیتے۔بیڈمنٹن میں جہانزیب اور ام سلمہ نے مکسڈ ڈبلز کے ساتھ ساتھ سنگلز مقابلوں میں بھی سونے کا تمغہ پاکستان نے نام کیا۔ٹیبل ٹینس میں اولمپیئن محمد ارحم اور فیصل خورشید نے ڈبلز مقابلوں میں چاندی جبکہ فیصل خورشید نے رقیہ لطیف کے ساتھ مکسڈ ڈبلز میں کانسی کا تبغہ جیتا۔ رقیہ نے سنگلز مقابلوں میں بھی کانسی کا تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ٹینس میں ڈبلز کے مقابلوں میں احسن انور اور محمد قیوم نے سونے کا میڈل جیتا سنگل مقابلوں میں انور اور قیوم بالترتیب چاندی اور کانسی کا تمغی جیتنے میں کامیاب رہے۔اسی طرح باسکٹ بال ٹیم نے سلور جبکہ فٹبال کی ٹیم نے آٹھ میڈلز اپنے نام کیے۔مجموعی طورسپیشل اولمپک 2015 میں پاکستان نے سونے کے 13، چاندی کے 11 اور کانسی کے 10 تمغے جیت کر ملک کا نام روشن کیا۔