قومی ٹیم درست سمت گامزن‘ ٹی ٹونٹی ورلڈگپ کیلئے اچھا کامبی نیشن تیار کرینگے : وقار یونس
لاہور(سپورٹس ڈیسک )پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ سری لنکا کا کامیاب ترین دورہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ ٹیم درست سمت میں جا رہی ہے اور سب سے خوشی کی بات یہ ہے کہ کھلاڑیوں کا مائنڈ سیٹ مثبت کرکٹ کی طرف ہو چکا ہے۔ ٹیم عصرحاضر کے تقاضوں کے مطابق کھیل رہی ہے۔ سری لنکا کے اس دورے میں سینئرز اور جونیئرز تمام کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ٹیسٹ سیریز میں وہ شاندار کامیابی کا کریڈٹ یاسر شاہ اور یونس خان کو دیں گے جبکہ شان مسعود نے بھی اپنی کارکردگی میں نمایاں بہتری دکھائی۔شان مسعود ٹیسٹ اور انور علی ون ڈے میں اس دورے کی دریافت ہیں۔پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ ‘ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی تینوں فارمیٹ میں سیریز جیتی ہے۔وقار یونس نے کہا کہ پاکستان کے نقطہ نظر سے سب سے خوش آئند بات فیلڈنگ میں غیرمعمولی کارکردگی ہے اور اس کا کریڈٹ شعیب ملک، انور علی اور رضوان کو جاتا ہے جنہوں نے پوری ٹیم کو متحرک کر دیا ہے۔ پاکستانی ٹیم نے ون ڈے سیریز چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے کے ممکنہ خطرے کو ذہن میں رکھتے ہوئے نہیں کھیلی بلکہ سری لنکا کو ہرانا ہر کھلاڑی کے ذہن میں تھا تاہم انہوں نے یہ تسلیم کیا کہ ان کے ذہن میں یہ بات موجود تھی کہ اگر پاکستانی ٹیم ون ڈے سیریز نہ جیت سکی تو چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو جائے گی۔ فاسٹ باﺅلرز کی انجریز کے سبب باﺅلنگ میں ٹیم کو مشکلات کا سامنا رہا ہے لیکن یہ کھیل کا حصہ ہے تاہم ہمیں اپنی فٹنس میں بہتری لانی ہوگی۔ پاکستانی ٹیم ٹیسٹ کرکٹ میں پچھلے کچھ عرصے سے اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ ہرکھلاڑی کو اپنے رول کا پتہ ہے لیکن انہیں امید ہے کہ آئندہ سال ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے بھی ایک اچھا کامبی نیشن تیار کر لیا جائے گا۔