• news

جوہری معاہدے سے ایران، پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کو فائدہ نہیں پہنچے گا: امریکہ

واشنگٹن (صباح نیوز)امریکہ نے کہا ہے کہ ایران پر سے معاشی پابندیوں کے خاتمے تک ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان جوہری معاہدے سے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کو فائدہ نہیں پہنچے گا۔واشنگٹن میں امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے پریس بریفنگ کے دوران طارق فاطمی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر سے تجارتی معاہدوں کی پابندیاں ابھی تک نہیں اٹھائی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ابھی تک ایران کو تجارت کے لئے کھلا نہیں سمجھتے اورایران پر جنوری 2014سے عائد پابندیوں میں کوئی نرمی نہیں کی گئی ہے۔ گزشتہ ماہ کی 14تاریخ کو ایران اور 5عالمی طاقتوں کے درمیان جوہری معاہدہ طے پایاتھا،جس کے مطابق اگر ایران اپنے جوہری ہتھیاروں کے پروگرام کو روک دے گا تو اس پر سے عالمی اقتصادی پابندیاں اٹھالی جائیں گی۔ گزشتہ ہفتے امور خارجہ کے بارے میں وزیر اعظم کے خصوصی مشیر طارق فاطمی نے واشنگٹن میں ایک تھنک ٹینک کو بتایاتھا کہ پاکستان نے معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے ،کیونکہ اس سے ایران کے ساتھ اقتصادی تعاون کے ساتھ ساتھ گیس پائپ لائن کی تعمیر کے در کھلیں گے۔
امریکہ/پائپ لائن

ای پیپر-دی نیشن