ڈرگ مافیا اور دہشت گردوں کے درمیان گٹھ جوڑ ختم کر دینگے : آرمی چیف‘ لیہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ‘ بحالی امداد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت
اسلام آباد (نیٹ نیوز/ بی بی سی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ منشیات کا کاروبار کرنے والوں (ڈرگ مافیا) انہیں مالی معاونت فراہم کرنے والوں اور دہشت گردوں کے درمیان موجود گٹھ جوڑ کو ختم کیا جائے گا۔ راولپنڈی میں اینٹی نارکوٹکس فورس کے ہیڈ کوارٹر میں آرمی چیف کو ڈی جی اے این ایف میجر جنرل خاور حنیف نے بریفنگ دی اور نشہ آور ادویات کی سمگلنگ کے تدارک کے لئے کی جانے والی کارروائیوں سے آگاہ کیا۔ ڈی جی اے این ایف نے آرمی چیف کو بین الاقوامی اور علاقائی صورتحال اور اس کے پاکستانی معاشرے پر پڑنے والے اثرات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے ڈرگ فری سوسائٹی کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے بنائے گئے پانچ سالہ منصوبے اور درپیش چیلنجوں کے بارے میں بتایا۔ اس موقع پر جنرل راحیل شریف نے کہا کہ منشیات فروخت کرنے والے اور اس کی تیاری میں ملوث لوگ ملکی سکیورٹی کے لئے اتنے ہی نقصان دہ ہیں جتنے کہ دہشت گرد ہیں۔ منشیات کے کاروبار سے حاصل ہونے والا پیسہ دہشت گردی کی ترویج میں استعمال ہورہا ہے۔ اس لئے نشے کے کاروبار میں ملوث لوگوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہوگا۔ آرمی چیف نے کہا کہ منشیات کے کاروبار کرنے والوں کو اس بات کی اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ ہماری آنے والی نسلوں پر اس کے منفی اثرات مرتب کریں اور انہیں تباہ کریں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اے این ایف کے شہید افسران اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کا کاروبارکرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا کیونکہ منشیات کے سمگلر دہشت گرد ہیں، منشیات سے حاصل ہونے والی رقم دہشت گردی میں استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ آرمی چیف نے دہشت گردوں اور منشیات سمگلروں کے نیٹ ورک مکمل ختم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ آنے والی نسلوں کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے بلکہ منشیات سمگلروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ڈی جی ایے این ایف نے آرمی چیف کو سال 2014-2015میں ہونے انسداد منشیات کے حوالے سے کارروائیوں پر بریفنگ دی جس پر آرمی چیف نے انسداد منشیات فورس کی کارکردگی کو سراہا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے امریکی فضائیہ کی ڈپٹی انڈر سیکرٹری مس ہینڈی گرانٹ نے ملاقا ت کی۔ جس میں پاکستان، امریکہ تعلقات، خطے کی صورتحال، علاقائی سلامتی او ر استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر عاصم سلیم باجوہ کے مطابق امریکی فضائیہ کی ڈپٹی انڈر سیکرٹری جنرل مس ہینڈی گرانٹ نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقت کی جس میں پاکستان امریکہ تعلقات، سکیورٹی، علاقائی سلامتی اور استحکام، خطے کی صورت حال، دہشت گردی کیخلاف جاری جنگ اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق امریکی فضائیہ کی ڈپٹی سیکرٹری نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کی قربانیوں اور کامیابیوں کو سراہا ہے۔ دریں اثناءآئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے لیہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ آرمی چیف نے لیہ میں سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن کا جائزہ لیا۔ جنرل راحیل شریف نے پاک فوج کے کمانڈروں کو صورتحال سے نمٹنے کیلئے چوکنا رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ متاثرین کی بحالی اور امداد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ آرمی چیف نے شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے متاثرین سے بھی ملاقات کی۔ کامیاب آپریشن پر متاثرین نے آرمی چیف کو مبارکباد دی۔جنرل راحیل شریف نے حالیہ سیلابوں میں جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لیہ میں فلڈ ریلیف اور ریسکیو آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
جنرل راحیل