• news

ہڈیارہ : بارہ سالہ بچے سے مبینہ زیادتی‘ نامعلوم ملزموں نے درخت سے لٹکا کر مار ڈالا

لاہور (نامہ نگار) ہڈیارہ کے علاقہ میں نامعلوم افراد نے 12 سالہ بچے کو اغوا اور مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد درخت پر رسی لٹکا کر مار ڈالا اورجھولتی لاش چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ ہڈیارہ کا رہائشی سلیم محنت مزدوری کرتا ہے۔ گذشتہ روز سلیم کا 12 سالہ بیٹا بلال گھر سے کھیلنے کے گیا مگر کئی گھنٹے بعد بھی واپس نہ آیا جس پر اس کے گھر والوں نے اس کی تلاش شروع کر دی۔ دوسری طرف علاقہ میں ویرانے میں درخت کے ساتھ کمسن لڑکے کی لٹکتی لاش دیکھ کر راہیروں نے پولیس کو اطلاع کی۔ جس پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش قبضے میں لے کر شناخت کے لئے مساجد میں اعلانات کرائے جس پر بلال کے ورثاءنے موقع پر پہنچ کر لاش کی شناخت کر لی اور وہ دھاڑیں مار کر روتے رہے۔ پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے بھجوا دی ہے۔ مقتول کے والد سلیم کا کہنا ہے کہ ان کی کسی سے دشمنی نہیں ہے۔ پتہ نہیں کس نے میرے بیٹے کو قتل کر کے ہمیں دکھی کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق تفتیش اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد اصل حقائق سامنے آئیں گے کہ بچے کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے کہ نہیں۔ یا پھر کوئی دوسری وجہ قتل کا باعث بنی۔ پولیس نے نامعلوم ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کر کے ان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے بچے کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی۔
بچہ / قتل

ای پیپر-دی نیشن