چک بال ورلڈ چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے قومی ٹیم تائیوان چلی گئی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان چک بال فیڈریشن کے وائس چیئرمین چوہدری وسیم اختر رامے نے قومی چک بال ٹیم کو ورلڈ چک بال چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے تائیوان روانہ کرنے سے قبل لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ سات سال سے پاکستان چک بال فیڈریشن اپنے اخراجات خود اٹھا رہی تھی اور یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان سپورٹس بورڈ نے ہمارے ساتھ تعاون کرتے ہوئے ہمیں گراؤنڈ فراہم کیا۔چک بال ایک سوئس گیم ہے جس میں سات کھلاڑی ایک ٹیم میں ہوتے ہیں اور گول دونوں طرف کیے جاسکتے ہیں۔یہ کھیل 1970میں سوئٹزرلینڈ میں شروع ہوا اور اس کا آغاز ڈاکٹر ہرمن نے کیا۔بین الاقوامی مقابلے میںدنیا بھر سے 26ٹیمیں حصہ لے رہی ہیںاور یہ بین الاقوامی چیمپئن شپ 5اگست سے 9اگست تک جاری رہے گی۔پاکستان کی ٹیم پہلی دفعہ اس بین الاقوامی مقابلے میں شرکت کررہی ہے جبکہ اس سے پہلے پاکستان کی ٹیم بھارت سے سیریز جیت کر آئی تھی۔