لاپتہ7 افراد میں سے 3 گھر پہنچ گئے ہائیکورٹ میں سماعت ملتوی
ملتان (سپیشل رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ نے لاپتہ افراد کے حوالے سے دائر رٹ درخواست پر سماعت کو ملتوی کر دیا ہے۔ عدالت عالیہ میں گزشتہ روز درخواست گزارنے خاتون نے بیان دیا کہ لاپتہ ہونے والے 7 افراد میں سے دو خواتین اور ایک مرد خود بخود واپس آ گئے ہیں جبکہ 4 تاحال لاپتہ ہیں۔ عدالت عالیہ میں رٹ درخواست دائر کرتے ہوئے خاتون رضوانہ کنول نے موقف اختیار کیا کہ پولیس نے اس کے گھر والوں کو گرفتار کر لیا ہے اب پولیس اس کے گھر والوں کو رہا نہیں کر رہی ہے۔ عدالت عالیہ نے اس معاملہ پر پولیس سے وضاحت لی تاہم پولیس نے گرفتاری سے لاعلمی کا اظہار کر دیا۔ گزشتہ روز خاتون درخواست گزار رضوانہ کنول نے عدالت عالیہ میں بیان دیا کہ اسکی والدہ سلمی بی بی اس کی بھابی صباعلی اور خالد واپس آ گئے ہیں تاہم تاحال ذیشان ‘ راحیل‘ شکیل اور مسماۃ فرزانہ کا کچھ پتہ نہیں ہے۔ پولیس نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ہم لاپتہ افراد کے متعلق مقدمہ درج کرنے کیلئے درخواست گزار سے رابطہ کیا مگر درخواست گزار اور اس کا خاندان مقدمہ درج نہیں کرانا چاہتے ہیں جبکہ گھر واپس آنے والے افراد بھی کچھ بتانا نہیں چاہتے اور اپنے لاپتہ ہونے سے متعلق کوئی وضاحت نہیں دے رہے ہیں، اب عدالت عالیہ سے مزید کارروائی کی استدعا ہے۔ عدالت نے اس معاملہ پر درخواست کی مزید سماعت کو ملتوی کر دیا ہے۔