پنشنروں کی مشکلات، وفاقی محتسب نے نظام کا تفصیلی جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی تشکیل دیدی
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی محتسب نے پنشنروں کی بڑھتی ہوئی مشکلات سے متعلق رپورٹس پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے تمام وفاقی اداروں میں پنشن نظام کا تفصیلی جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے پنشن نظام کو مزید موثر اور شفاف بنانے کی غرض سے اصلاحات کی تجویز پیش کر دی۔ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی محتسب نے مختلف رپورٹس پر سوموٹو نوٹس لیتے ہوئے تمام وفاقی اداروں میں پنشن نظام کا تفصیلی جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ اختیارتی کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا ہے۔ سابق آڈیٹر جنرل پاکستان تنویر علی آغا کمیٹی کے چیئرمین جبکہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن فنانس ڈویژن اور آڈٹ اور اکائونٹس آرگنائزیشنز میں اہم عہدوں پر تعینات 7 سابق وفاقی سیکرٹریز کمیٹی کے ارکان مقرر کر دیئے گئے ہیں۔ وفاقی محتسب نے کمیٹی کو 45 روز میں رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔