کراچی: 2 خطرناک ٹارگٹ کلرز 3بھتہ خور گرفتار
کراچی (آئی این پی+ نیٹ نیوز) کراچی میں پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران 2 خطرناک ٹارگٹ کلرز 3 بھتہ خوروں کو گرفتار کرلیا۔ لیاری کلاکوٹ میں مبینہ پولیس مقابلے کے بعد شیراز کامریڈ گروپ گینگ وار کے دو کارندوں کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ اور دستی بم برآمد کرلیا گیا جبکہ گارڈن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث دو ملزموں کو گرفتار کرلیا۔ دوسری جانب ایس پی سٹی ذیشان صدیقی نے بتایاکہ میٹھادر کے علاقے میں ٹیکسٹائل پلازہ کے پاس پولیس مقابلے میں 3 ملزم زخمی ہوئے جنہیں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ نظام الدین، عمیر اور سرفراز شہریوں سے لوٹ مار کررہے تھے۔ اسی طرح ناظم آباد میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے کارروائی کرکے متعدد افراد کے قتل میں ملوث عادل عرف باڑہ اور رینجرز نے سنگر چورنگی سے ٹارگٹ کلر رئوف کالا کو گرفتار کرلیا جس کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے جبکہ جنوبی افریقی گروپ کے 3 بھتہ خوروں کو خواجہ اجمیر نگری سے پولیس نے حراست میں لے لیا جو ڈاکٹروں اور فارما سوٹیکل کمپنیوں کے نمائندوں سے بھتہ وصول کرتے تھے۔ ملزموں کے نام واصف رفیق، فیضان عرف مٹو اور حسن طفیل بتائے گئے ہیں۔