ود ہولڈنگ ٹیکس، دوسرا تاجر دھڑا آج ہڑتال کریگا، اپٹما کی کال ایک ماہ کیلئے موخر
لاہور (کامرس رپورٹر) تاجروں کا دوسرا دھڑا بینک ٹرانزیکشن پر ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف آج (بدھ کو) ہڑتال کریگا جبکہ اپٹما نے ہڑتال ایک ماہ کیلئے موخر کردی ہے۔ آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز نے بھی ہڑتال میں شامل ہونے کی یقین دہانی کرا دی۔ آل پاکستان انجمن تاجران کے سربراہ خالد پرویز نے کہا ہے کہ آج تاجر اپنے اتحاد سے ایسی کامیاب شٹرڈائون ہڑتال کریں گے جس سے حکومت اپنا فیصلہ واپس لینے پر مجبور ہو جائے گی اور میں ہڑتال کی ناکامی کی صورت میں اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کے اعلان پر قائم ہوں۔ ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لئے انجمن تاجرا ن کے رہنمائوں نے مختلف مارکیٹوں کے طوفانی دوروں کے علاوہ پنجاب سمیت ملک بھرمیں بڑی مارکیٹوں اور بازاروں کے عہدیداروں سے ٹیلیفونک رابطے کر کے ہڑتال کے لئے قائل کرتے رہے۔ خالد پرویز گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹرز نے بھی احتجاج میں شامل ہونے کا یقین دلایا ہے جبکہ تمام غلہ منڈیوں اور سبزی منڈیوں سے وابستہ تاجر بھی ظالمانہ ٹیکس کے خلاف ہڑتال کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔ ایف بی آر نے ود ہولڈنگ ٹیکس پر تاجروں کے تحفظات کے بعد معاملے کو حل کرنے کیلئے عوام سے تجاویز مانگ لی ہیں۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی تجاویز ممبران لینڈریو کو memberir@fbr.gov.pk پربھیج سکتے ہیں۔ آل پاکستان انجمن تاجران اشرف بھٹی گروپ، نعیم میر گروپ اور قومی تاجر اتحاد نے آج شٹر ڈائون ہڑتال کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے آج مارکیٹیں کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے ان کے مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کے بعد سات اگست کی ہڑتال ایک ماہ کے لئے (4ستمبر) تک موخر کرنے کا اعلان کر دیا۔ چیئرمین اپٹما ایس ایم تنویر نے کہا کہ اگر ٹیکسٹائل انڈسٹری کے مسائل حل نہ کئے گئے تو 4 ستمبر کو ملک بھر میں اپٹما ہڑتال کرے گی۔ نارووال، کمالیہ، ٹوبہ کے تاجروں نے بھی آج ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ تحریک انصاف نے بھی تاجروں کے احتجاج کو جائز قرار دیتے ہوئے حمایت کا اعلان کیا ہے۔ وفاق ایوان صنعت و تجارت اور لاہور چیمبر آف کامرس نے 5 اگست کی ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا اور کہا ہے کہ ہڑتالوں سے معیشت کو نقصان پہنچتا ہے لہٰذا حکومت فیڈریشن اور تجارتی تنظیموں کی مشاورت سے بنکنگ ٹرانزیکشن پر عائد 0.3 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس کا مسئلہ حل کرے۔ فیڈریشن نے حکومت کو تجویزدی ہے کہ تاجر ٹیکس دینا چاہتے ہیں مگر ایف بی آر اپنا سسٹم ٹھیک کریں اور کرپٹ مافیا سے نجات حاصل کرے۔ لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز نے تاجروں کے وفد سے گفتگو میں کہا کہ حکومت ودہولڈنگ ٹیکس کا معاملہ بات چیت کے ذریعے حل کرے تاکہ تاجر ہڑتال پر مجبور نہ ہوں وگرنہ حکومت کی اْن کوششوں کو نقصان پہنچے گا جو وہ معاشی بحالی کے لئے کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک ہڑتالوں کا بوجھ اٹھانے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے تاجر برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ آج ملک گیر ہڑتال کو کامیابی سے ہمکنار کر کے اپنے بے مثال اتحاد اور یکجہتی کا ثبوت دیں، ہڑتال بینک ٹرانزیکشن ٹیکس کے خلاف ہماری احتجاجی تحریک کا مینڈیٹ ہو گی۔ ہڑتال کامیاب نہ ہو سکی تو بینک ٹرانزیکشن ٹیکس کے خلاف احتجاج سے دستبردار ہو جائونگا۔