• news

کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ کا سنگ بنیاد رواں ماہ رکھا جائیگا‘ مستحق مریضوں کا مفت علاج ہو گا: شہباز شریف

لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت گذشتہ روز پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ و ریسرچ سنٹر کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منعقد ہوا جس میں منصوبے کے مختلف امور پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران منصوبے کیلئے لیگل کنسلٹنٹ کی تقرری کی منظوری دی گئی۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کا عظیم الشان منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ کا ابتدائی ماسٹر پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ گردہ و جگر کے امراض کے حوالے سے ملک کے سب سے پہلے اور منفرد منصوبے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ کا سنگ بنیاد رواں ماہ رکھا جا رہا ہے اور یہ جنوبی ایشیا کا سٹیٹ آف دی آرٹ انسٹی ٹیوٹ ہوگا جہاںگردے اور جگر کے مریضوں کو ایک چھت تلے جدید ترین سہولتیں میسر آئیں گی۔ مستحق مریضوں کا مفت علاج ہو گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ انسٹی ٹیوٹ کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تعمیر کا کام دن رات ہونا چاہئے کیونکہ اس منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنا ہے۔ انسٹیٹیوٹ کیلئے علیحدہ گرڈ سٹیشن بنے گا لیکن اس کے ساتھ بجلی کا متبادل انتظام بھی انتہائی ضروری ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے گردے اور جگر ٹرانسپلانٹ کی سہولت دستیاب ہوگی اور ادارے میں مستحق مریضوں کا مفت علاج ہو گا۔ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کا منصوبہ صحت عامہ کی سہولتوں میں ایک شاندار اضافہ ہوگا۔ ادارے میں ریسرچ سنیٹر بھی بنے گا۔ میڈیکل آلات اور مشینری کیلئے بین الاقوامی معیار کی کمپنی کا تقرر عمل میں لایا جائے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے منصوبے کے تحت پنجاب کی تمام تحصیلوں میں کمپیوٹرائزڈ اراضی کے سروس سینٹرز مکمل ہوچکے ہیں۔ پنجاب حکومت نے عوامی خدمت کا انقلابی منصوبہ مکمل کر کے ایک اور سنگ میل عبور کیا ہے ۔لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے منصوبے سے صوبے میں پٹوار کلچر سے لوگوں کو نجات ملے گی۔ حکومت کے اس تاریخی اقدام سے اراضی کی غلط رجسٹریوں، کرپشن، دھوکہ دہی اور جعلسازی کا خاتمہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم پر آئندہ عملدرآمد کیلئے پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دی گئی۔ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لینڈ ریکارڈمینجمنٹ انفارمیشن سسٹم پنجاب حکومت کا عوام کو ریلیف کی فراہمی کا تاریخ ساز اقدام ہے ۔ عوام کو بے جا مقدمہ بازی سے نجات ملے گی۔ وزیراعلیٰ نے مستقبل میں لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم پر عملدر آمد کیلئے پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ اتھارٹی کے قیام کیلئے قانون سازی کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سروس سینٹرز کے عملے کی تربیت اور ان کیلئے ریفریشر کورسز بھی انتہائی ضروری ہیں اور اس پر بھر پور توجہ دی جائے۔ مزید برآں شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ سیلاب اور شدید بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے فوری سروے کرایا جائے۔ متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ متاثر ہونے والے مکانات اور فصلوں کافی الفور سروے شروع کرے۔ سروے کا کام گزشتہ برس آنے والے سیلاب کے نقصانات کے سروے کی روشنی میں کیا جائے۔ انہوں نے یہ ہدایت گذشتہ روز سول سیکرٹریٹ لاہور، ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز اورمختلف اضلاع میں موجود کابینہ کمیٹی برائے فلڈ کے اراکین سے ویڈیوکانفرنس کرتے ہوئے جاری کیں۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے ۔ مشکل کی اس گھڑی میں انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا ، میں متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ متاثرین کی خدمت کے لئے منتخب نمائندے اور انتظامی افسران بھی فیلڈ میں موجود رہیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سیلاب اور شدید بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں مزید تیز کی جائیں۔ ریلیف کیمپوں میں متاثرہ افراد کو بروقت تین وقت کے کھانے کی فراہمی ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ علی پورکے حفاظتی بند کے لئے ہر ممکن وسائل فراہم کریں گے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف کی زیرصدارت گذشتہ روز اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب صاف پانی پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صاف پانی پراجیکٹ کا تعلق براہ راست عوام کی صحت سے جڑا ہوا ہے اور اس انتہائی اہمیت کے حامل منصوبے کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانا ہے تاکہ شہریوں کو پینے کا صاف پانی مہیا ہوسکے کیونکہ پینے کا صاف ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور پنجاب حکومت صاف پانی پراجیکٹ کے ذریعے شہریوں کو یہ حق دے گی۔آئندہ 3 برس کے دوران صاف پانی پراجیکٹ کے بڑے منصوبے پر اربوں روپے خرچ کئے جائیں گے اور مرحلہ وار پروگرام کے تحت صاف پانی پراجیکٹ کا دائرہ کار پنجاب بھر میں پھیلایا جائے گا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے نشتر ہسپتال ملتان میں مبینہ غفلت کے باعث نومولود بچے کے جاں بحق ہونے کی خبر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے چنیوٹ کے علاقے محلہ گڑھا میں مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے تین افراد کے جاںبحق ہونے کے واقعہ پر بھی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ شہباز شریف نے رحیم یار خان کے علاقے میں امدادی اشیاء کی تقسیم کے حوالے سے سیلاب متاثرین کے احتجاج کی خبر کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی او رحیم یار خان سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے فیصل آباد کے علاقے سندر سنگھ میں 3 بہنوں کے 2 ماہ کے اکلوتے بھائی کے اغواء اور قتل کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔علاوہ ازیں شہبازشریف کے ہیلی کاپٹر نے جنوبی پنجاب کے ضلع راجن پور کے سیلاب متاثرہ علاقے روجھان میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ ہیلی کاپٹر کی 4پروازیوں کے ذریعے 200سے زائد خوراک کے پیکٹ سیلاب متاثرین تک پہنچائے گئے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کی رکن صوبائی اسمبلی کنیز اختر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن