استعفے نہیں دینگے، عمران معاملہ سپریم جوڈیشل کونسل لے جائیں: ارکان الیکشن کمشن
اسلام آباد (آئی این پی + آن لائن) الیکشن کمشن کے ممبران نے ایک بار پھر عمران خان کی طرف سے استعفے کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ واضح کر چکے ہیں کہ کسی بھی صورت استعفے نہیں دیں گے۔ الیکشن کمشن ممبران کو صرف سپریم جوڈیشل کونسل ہٹا سکتی ہے، سپریم جوڈیشل کونسل بدنیتی ثابت کر دے تو گھر چلے جائیں گے۔ عمران خان سپریم جوڈیشل کونسل سے ہی رجوع کریں۔ آرٹیکل 209 کے تحت کمشن میں اپنا دفاع کرینگے۔ اس حوالے سے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان سے ممبران الیکشن کمشن نے ملاقات کی اور غیر رسمی مشاورت بھی کی۔ دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمشن کی رپورٹ کی روشنی میںالیکشن کمشن نے عام انتخابات میں ہونے والی کوتاہیوں پر قابو پانے کیلئے بڑے پیمانے افسران کے تبادلوں کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے ابتدائی فہرست میں 50 افسران کے تبادلوں کیلئے فہرست تیار کر لی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا ان 50 افسران میں الیکشن کمشن کے صوبائی ارکان بھی شامل ہیں،سمری چیف الیکشن کمشنر سردار رضاخان کو بھجوا دی گئی ہے جس کی منظوری کے ساتھ ہی فیصلوں پر عملدرآمد شروع کر دیا جائیگا۔