لوڈشیڈنگ جاری، کاروبار متاثر، فیصل آباد ، بوریوالہ میں ٹرانسفارمرز کی خرابی کے خلاف مظاہرے
لاہور+ فیصل آباد+ بوریوالہ+ شیخوپورہ (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی) کئی شہروں میں طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا اور وہ سراپا احتجاج بن گئے جبکہ کاروبار بھی متاثر ہوئے ہیں۔ فیصل آباد اور بوریوالا میں ٹرانسفارمر کی خرابی پر لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور سڑک بلاک کردی جس کے باعث ٹریفک جام ہو گئی۔ شیخوپورہ میں طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف شہریوں نے پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا۔ بوریوالا سے نامہ نگار کے مطابق نواحی آبادیوں شاہ فیصل کالونی اور یعقوب آباد میں ٹرانسفارمر جلنے سے علاقہ مکین دو روز سے بجلی سے محروم ہوگئے، علاقہ مکینوں نے ٹرانسفارمر مرمت نہ کرنے پر واپڈا کیخلاف لاہور روڈ پر جمع ہوگئے اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ فیصل آباد میں فیسکو کی جانب سے خراب ٹرانسفارمر کی مرمت نہ کرنے اور بجلی بحال نہ ہونے پر اے بی سی پل پر علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا جبکہ سب ڈویژن کا عملہ دفتر چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ اے بی سی پل سے ملحقہ رہائشی علاقہ کا ٹرانسفارمر خراب ہوچکا تھا جس پر علاقہ نے متعدد مرتبہ فیسکو سب ڈویژن کو تحریری درخواستیں دی۔ شنوائی نہ ہونے پر اہل علاقہ نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور دونوں جانب کی سڑکوں کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا۔ سب ڈویژن کا عملہ دفتر چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے مذاکرات کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق شہر اور گردونواح میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوگیا ہے جس سے کاروباری اور گھریلو صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف پریس کلب کے سامنے شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کرتے رہے۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردونواح میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے عوام کا جینا محال ہو گیا۔ بجلی کی مسلسل تین، تین گھنٹے کی بندش سے کاروبارِ زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی۔ شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ شدید گرمی اور حبس میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث ان کے زندگی اجیرن ہو کر رہ گئی ہے جبکہ گھر میں خواتین، بچوں اور بوڑھوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ لوڈشیڈنگ کا فی الفور نوٹس لیتے ہوئے بجلی کی سپلائی کو یقینی بنایا جائے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ گیپکو کا شارٹ فال 590 میگاواٹ ہو گیا۔ موسم میں بہتری کے باوجود گردونواح میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹوں سے بھی تجاوز کرگیا۔ شہری آبادیوں میں چھ سے 8گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔