سی پیک کے تحت پہلے سولر منصوبے پر تیزی سے کام شروع کر دیا، شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے توانائی سیکٹر کی معروف چینی کمپنی زونرجی کے صدر یویانگ نے ملاقات کی جس میں قائداعظم سولر پارک بہاولپور میں لگائے جانے والے سولر منصوبے کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور منصوبے کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ چینی کمپنی کے صدر نے وزیراعلیٰ کو یقین دہانی کرائی کہ 300میگاواٹ کا سولر منصوبہ رواں برس کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا جبکہ باقی ماندہ منصوبے کو 2016ء میں مکمل کیا جائے گا۔ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور(سی پیک) کے تحت قائداعظم سولر پارک بہاولپور میں پہلے سولر منصوبے پر تیز رفتاری کے ساتھ کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ سی پیک کے اس سولر منصوبے کو انتہائی تیز رفتاری اور اعلیٰ معیار کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے، اس ضمن میں چینی کمپنی کو تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ سولر منصوبے سے حاصل ہونے والی بجلی کو نیشنل گرڈ تک لے جانے کیلئے ٹرانسمیشن لائن کی اپ گریڈیشن پر بھی کام کیا جا رہا ہے اور تمام متعلقہ ادارے باہمی کوآرڈینیشن کے تحت کام کررہے ہیں، ملک سے اندھیرے دور کرنے کے لئے روایتی ذرائع کے ساتھ متبادل ذرائع سے بھی توانائی کے حصول کے منصوبوں پر کام جاری ہے، ملک سے اندھیرے دور کر کے اُجالے لانے کیلئے سی پیک کے منصوبے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت ملک سے اندھیرے دور کرنے کی عظیم شروعات ہو چکی ہیں اور پہلے سولر منصوبے پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکومت توانائی کی کمی کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے تیزرفتاری سے اقدامات کررہی ہے اور کوئی لمحہ ضائع کیے بغیر توانائی کے منصوبوں کو آگے بڑھایا جارہا ہے۔ 2017-18ء تک توانائی کے متعدد منصوبے بجلی پیدا کر رہے ہوں گے اورلوڈشیڈنگ کا بہت حد تک خاتمہ ہو چکا ہوگا۔ صدر زونرجی کمپنی یویانگ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف کو چینی قیادت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ شہبازشریف جو کہتے ہیں کر کے دکھاتے ہیں۔وزیراعلیٰ کی طرف سے مقرر کردہ ٹائم لائن کے اندر منصوبے کو مکمل کریں گے۔ مزید برآں شہبازشریف نے کہا ہے کہ وہ سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں میںحفاظتی انتظامات اور امدادی سرگرمیوں کی ذاتی طورپر نگرانی کررہے ہیں۔ پنجاب حکومت مشکل کی گھڑی میں اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے، متاثرین کی بحالی اولین ترجیح ہے۔ شہبازشریف نے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے فلڈ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب اورشدید بارشوں سے متاثرہ علاقوںمیں امدادی سرگرمیاں مزید تیزکی جائیں اور ریلیف کیمپوں میں متاثرہ افراد کو بروقت تین وقت کے کھانے کی فراہمی ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے، سیلاب اور شدید بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے فوری سروے کیلئے انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی گئی ہیںاور نقصانات کے سروے کا کام گزشتہ برس آنیوالے سیلاب کے نقصانات کے سروے کی روشنی میں کیا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ متاثرین کی خدمت کرنے والے منتخب نمائندے اور انتظامی افسران ہمارے سروں کے تاج ہیں اور وہ متاثرہ بہن بھائیوں کی خدمت کیلئے کوئی کسر اٹھانہ رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ مزید برآں شہباز شریف کی زیرصدارت گزشتہ روز اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب کے بڑے ترقیاتی منصوبوں کیلئے بجری اور دیگر تعمیراتی مٹیریل کی بروقت و مناسب داموں ترسیل یقینی بنانے کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں بجری کی مناسب داموں سپلائی بہتر بنانے کیلئے مارکیٹ میکنزم متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرش مافیاکا ناپاک گٹھ جوڑ توڑیں گے۔ بجری اور دیگر معدنیات کی لیزنگ کے نظام کو شفاف بنایا جائے گا۔ مافیا کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کی جائے گی، لیزنگ کے نظام کو شفاف بنانے کے لئے قانون میں ضروری ترامیم متعارف کرائی جائیں گی۔ نئے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے لیز نگ کے نظام کو شفاف بنانے کے حوالے سے 7روز کے اندر حتمی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی۔ مزید برآں شہبازشریف کی زیرصدارت گزشتہ روز اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں چنیوٹ، رجوعہ میںخام لوہے اور دیگر معدنی ذخائر کے منصوبے پر پیشرفت اور مستقبل کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ چنیوٹ، رجوعہ میں معدنی ذخائر کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ایک ایک لمحہ قیمتی ہے اس لئے منصوبے کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جائے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے لاہور کے علاقے لوہاری گیٹ میں پولیس کے مبینہ تشدد سے 4بچوں کے باپ حافظ قرآن اشفاق حسین کے جاں بحق ہونے کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے لاہور اور بعض دیگر شہروں میں پتنگ بازی کی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام اور انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے سختی سے ہدایت کی ہے کہ پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر موثر عملدرآمد ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔