عام آدمی کو سیاست میں کوئی دلچسپی نہیں وہ مہنگائی‘ لوڈشیڈنگ سے نجات چاہتا ہے: سراج الحق
چترال (نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے موجودہ حالت میں تمام سیاسی جماعتوں کو عوامی مسائل کی طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے اور عام آدمی اب مہنگائی، لوڈ شیڈنگ، بدامنی اور دہشت گردی سے نجات چاہتا ہے اور وہ سیاست معاملات میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتا اور ہم چاہتے ہیں کہ مرکزی حکومت اور صوبائی حکومتیں اپنے مدت پورا کریں۔ بدھ کے روز دورہ چترال کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جوڈیشل کمشن کا فیصلہ سب کو بلاچون وچرا قبول کرنا چاہیے۔ چترال میں سیلاب کی تباہ کاریاں ان کے اندازے سے کہیں زیادہ ہے اور وہ اسے قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے پوری قوم کی طرف سے چترالی عوام کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہیں۔ چترال کے طول وغرض میںڈھائی ہزار گھروں کا مکمل طور منہدم ہونا اور باغات، زرعی زمینوں، سینکڑوں پلوں، سڑکوں، بجلی گھروں، ہسپتالوں، سکولوں، واٹر سپلائی سکیموں اور ایریگیشن چینلوں کا سیلاب میں بہہ جانا بہت بڑا نقصان ہے اور انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے غیر معمولی اقدام مرکزی اور صوبائی حکومتوںکو کرنے کی ضرورت ہے جس کیلئے وہ اپنا کردار ادا کریں گے۔ جماعت اسلامی کے سربراہ نے کہاکہ چترال میں بڑے پیمانے پر تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے چترال ایریا ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کا قیام ناگزیر ہے جس کے بغیر چترال کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔