ودہولڈنگ ٹیکس‘ حکومت کی بعض شرائط پر تاجروں کو رعایت دینے پر آمادگی
اسلام آباد (عترت جعفری) حکومت اور تاجروں کے درمیان بینک ٹرانزیکشن پر ودہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ پر تنازعہ کی شدت میں کمی نہیں آئی ہے۔ تاہم حکومت نے بعض شرائط پرتاجروں کو رعایات دینے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ حکومت اور تاجر راہنماؤں کے درمیان جاری بیک ڈور رابطوں کے ذریعے حکومت کی طرف سے تاجر نمائندوں کو پیغام پہنچایا گیا کہ اگر 0.3 فی صد ودہولڈنگ ٹیکس کو تسلیم کر لیا جائے تو بینک ٹرانزیکشن پر ودہولڈنگ ٹیکس سے استثنیٰ کی حد 50 ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کی جا سکتی ہے۔ اس طرح تاجروں کی طرف سے بھاری تعداد میں گوشوارے داخل کرنے اور اصل ٹرن اوور ظاہر کرنے پر ٹیکس کی شرح میں کمی کر دی جائے گی۔ ایف بی آر کے ایک ذریعے نے بتایا ’’بیک ڈور‘‘ رابطے جاری ہیں اور جلد معاہدہ ہو جائے گا۔ تاہم ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے کے اقدام کی وزیراعظم نے مکمل حمایت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ کیونکہ اگر اب ودہولڈنگ ٹیکس کو رول بیک کیا گیا تو آئندہ کبھی ٹیکس بیس بڑھانے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہو گی۔