سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری پر بھارتی فائرنگ پاکستان کی سالمیت پر حملہ ہے: مشرف
اسلام آباد (صباح نیوز) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین اور سابق صدر جنرل(ر)پرویز مشرف نے کہا ہے کہ سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری پر بھارتی افواج کی بلااشتعال فائرنگ پاکستان کی سالمیت اور داخلی خود مختاری پربراہ راست حملہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ خطے میں قیام امن کیلئے ضروری ہے کہ بھارت مذموم اقدامات سے باز رہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا کے لئے جاری کئے گئے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اس سے قبل بھی بارہاحدود سے تجاوز کرچکا ہے۔ قیام امن کی ہماری خواہش کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے۔افواج پاکستان ملکی سالمیت کے خلاف اٹھنے والی نگاہوں کو نشان عبرت بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ بھارتی جارحیت پر حکومت کا ردعمل غیرتسلی بخش ہے۔اس حوالے سے ایک مضبوط موقف سامنے آنا چاہئے تاکہ بھارت آئے روز کی اشتعال انگیزی سے باز آئے، معاملہ کو فوری طور پر بین الاقوامی فورم پر اٹھایا جانا چاہئے۔