سانحہ ڈسکہ: ملزم سابق ایس ایچ او شہزاد وڑائچ کی کیس تبدیلی کی درخواست منظور
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ ڈسکہ کے ملزم سابق ایس ایچ او شہزاد وڑائچ کے کیس کی تبدیلی کی درخواست منظور کرلی۔ عدالت نے انسداد دہشت گردی سیالکوٹ کی عدالت نمبر ایک سے مقدمہ سماعت کیلئے کورٹ نمبر دو کے پاس بھجوا دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس منظور احمد ملک نے کیس کی سماعت کی۔ ملزم ایس ایچ او شہزاد وڑائچ کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم کو جج پر اعتماد نہیں لہٰذا کیس کو سماعت کیلئے غیرجانبدار جج کے پاس بھجوایا جائے۔ مدعی کے وکلاء نے عدالت کو آگاہ کیا کہ انہیں کیس کی تبدیلی کیلئے ملزم کی درخواست پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ مدعی بھی اس کیس کا میرٹ پر فیصلہ چاہتے ہیں لہٰذا ملزم کا جس جج پر اعتماد ہے مقدمے کو سماعت کیلئے اسی بنچ میں بھجوا دیا جائے جس پر عدالت نے درخواست نمٹا دی۔