• news

ڈی جی خان: پولیس مقابلہ، کالعدم تنظیم کے 3 دہشت گرد ہلاک، کانسٹیبل جاں بحق

ڈی جی خان (نوائے وقت رپورٹ) ڈیرہ غازیخان کے علاقے تھانہ صدر کی حدود میں گذشتہ رات مبینہ پولیس مقابلہ میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق دہشت گردوں سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ دہشت گردوں نے قبل ازیں انڈس ہائی وے کے قریب پولیس وین پر حملہ کرکے اپنے دو ساتھیوں کو چھڑالیا تھا اور فرار ہورہے تھے کہ پولیس نے انہیں گھیرا ڈال لیا۔ ملزموں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔

کوئٹہ + اسلام آباد ( بیورو رپورٹ + نیوز ایجنسیاں) چمن سے دو مسخ شدہ نعشیں برآمد کی گئی ہیں ۔ چمن سے پولیس کو رحمان گوہل روڈ سے گولیوں سے چھنی دو افراد کی لاشیں ملیں جسے پولیس نے قبضے میں لیکر ہسپتال پہنچا دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق دونوں افراد افغانی معلوم ہوتے ہیں تاہم فوری طور پر لاشوں کی شناخت نہیں ہوسکی ۔ علاوہ ازیں ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے پٹ فیڈر سے ایک خاتون کی گولیوں سے چھنی نعش برآمد ہوئی ہے۔ بدھ کو ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے پٹ فیڈڑ سے پولیس کو خاتون کی گولیوں سے چھنی نعش ملی جسے قبضے میں لیکر ہسپتال پہنچا دیا ۔ ادھر پشاور پولیس نے نواحی علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 150 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے ، غیر قانونی طور پر مقیم 8 افغان باشندے بھی شامل ہیں ۔ پولیس کے مطابق گزشتہ روز سکیورٹی فورسز کے ہمراہ سرچ آپریشنز متھرا ، چمکنی اور بھانہ ماڑی کے علاقوں میں کئے گئے ۔ علاوہ ازیں اسلام آباد پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 11مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ۔ یہ سرچ آپریشن پُھلگراں ۔ سیکٹر G-13 اور گردونواح میں گیا گیا ۔ علاوہ ازیں کریک ڈائون کے دوران بھتہ خوری ، منشیات اور دیگر جرائم میں ملوث 20 ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن