سیکرٹری جنرل کا الیکشن لڑونگا جسٹس (ر) وجیہہ سمیت کئی رہنما ڈسپلن کی خلاف ورزی کر رہے ہیں: جہانگیر ترین
اسلام آباد (آن لائن) تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نے انٹرا پارٹی انتخابات میں سیکرٹری جنرل کے عہدے پر الیکشن لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جسٹس (ر) وجہیہ الدین سمیت کئی دیگر رہنما پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کر رہے ہیں ، میری ذات پر الزامات لگانے والوں کی کوئی حیثیت نہیں، سابق ڈی جی آئی ایس آئی شجاع پاشا سے ملازم کی سکیورٹی کلیئرنس کیلئے ملا تھا الزامات میں کوئی سچائی نہیں، دھرنے کے پیچھے کوئی فوجی یا کوئی دوسری قوت شامل تھی تو آج ہی تحقیقات کیلئے انکوائری کمشن تشکیل دیا جائے، دھرنے نے پوری قوم کو حقوق کے حوالے سے آگاہی دی ۔ الیکشن کمشن کا احتساب ہونا چاہئے، تحریک انصاف اسلامک پروگریسو پارٹی ہے ، پرویز مشرف اور عمران کے درمیان کوئی موازنہ نہیں، پارٹی ا قتدار میں آئی تو عمران خان ملک کے وزیراعظم ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان واحد لیڈر ہیں جس نے پارٹی کے الیکشن کرائے۔