لاہور، اسلام آباد میں سلنڈر اور گیس لیکج سے دھماکے، 14 افراد جھلس گئے
لاہور + اسلام آباد (نامہ نگار+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) شیراکوٹ کے علاقے میں سلنڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی جس کی زد میں آکر 7 دکانیں اور 18 موٹر سائیکلیں جل کر تباہ ہوگئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے ڈیڑھ گھنٹے جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ بکرمنڈی کے قریب ہونیوالے سلنڈر دھماکے کے بعد آگ لگ گئی جس نے ملحقہ چھ دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس ان میں موجود لاکھوں کا قیمتی سامان جل کر تباہ ہوگیا۔ دھماکہ اس قدر خوفناک تھا کہ اسکی آواز دور دور تک سنی گئی۔ علاوہ ازیں اسلام آباد میں تھانہ گولڑہ کے علاقے سیکٹر E-11/4 میں میڈیکل کمپنی کی عمارت میں گیس لیکیج سے ہولناک دھماکہ ہوا جس سے 14 افراد جھلس گئے جن میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے۔ جھلسنے والے افراد کو پمز اور ایف ٹین مرکز کے نجی ہسپتال میں منتقل کردیا گیا۔ ڈی ایس پی صدر سرکل نے بتایا کہ ارشد اقبال نے الفلاح پلازہ میں میڈیکل کمپنی بنا رکھی ہے جس میں طلبہ کی کلاسیں بھی لی جاتی تھیں۔ گزشتہ روز دن 10 بجے کے قریب بلڈنگ کے سامنے لگے گیس کے دو بڑے بڑے میٹروں سے گیس لیکج کے باعث ہولناک دھماکہ ہوا جس سے عمارت لرز کر رہ گئی، واقعہ میں 14 افراد جھلس گئے، 9 زخمی پمز جبکہ 5 کو المعروف ہسپتال ایف ٹین مرکز منتقل کیا گیا۔ دھماکے کے بعد اسلام آباد میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی لیکن جب اسے گیس لیکج کا واقعہ قرار دیا گیا تو بم ڈسپوزل سکواڈ کی ٹیم نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔