سندھ ہائی کورٹ نے چنگ چی رکشوں کے اہم شاہراہوں پر چلنے پر پابندی لگا دی
کراچی(آئی این پی ) سندھ ہائی کورٹ نے چنگ چی رکشوں کے اہم شاہراہوں پر چلنے کی پابندی لگاتے ہوئے متعلقہ حکام کو روٹ پرمٹ،رجسٹریشن اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر چلنے والے رکشوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔سندھ ہائی کورٹ میں چنگ چی رکشوں پر پابندی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی، فریقین کا موقف سننے کے بعد عدالت نے حکومت سندھ کے مو قف کو تسلیم کرتے ہوئے چنگ چی رکشوں پر پابندی کے خلاف حکم امتناعی خارج کردیا۔ عدالت عالیہ نے متعلقہ حکام کو حکم دیا کہ روٹ پرمٹ، رجسٹریشن اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیرچلنے والے موٹر سائیکل چنگ چی رکشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان پر جرمانے عائد کئے جائیں، چالان کیا جائے اور رکشے بند کیے جائیں۔ ہرمہینے عدالت میں کارروائی سے متعلق رپورٹ دی جائے۔واضح رہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے مارچ 2014 میں چنگ چی رکشہ کوغیرقانونی قرار دیتے ہوئے ان پر پابندی عائد کی تھی تاہم چنگ چی رکشہ مالکان نے حکومتی فیصلے کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کرکے حکم امتناع حاصل کرلیا تھا۔