لاہور : پانچ گھنٹے تک لوڈشیڈنگ‘ حافظ آباد میں دورانیہ مزید بڑھ گیا
لاہور(نیوز رپورٹر+نامہ نگاران) لاہور میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ لیسکو کوبجلی کا خسارہ 13سو میگا واٹ برقرار جس کو پورا کرنے کےلئے شہر کے مختلف علاقوں میں 4 سے 5گھنٹے کے لئے بجلی بند کی گئی۔ لاہور میں اقبال ٹاﺅن، مزنگ، چوبرجی، بند روڈ ، مغل پورہ ، شالیمار ،شاہدرہ کے علاقوں میں بجلی5گھنٹے سے زائد بند رہی۔ اس بارے میں لیسکو ترجمان کا کہنا ہے کہ لیسکو تمام علاقوں میں ایک شیڈیول کے مطابق بجلی کی لوڈشیڈنگ کر رہا ہے کسی بھی علاقے میں زیادہ بجلی بند نہیں کی جارہی ۔انہوں نے مزید کہا کہ صارفین کی جانب سے ائر کنڈیشنر کے زیادہ استعمال کی وجہ سے سسٹم پر بہت زیادہ دباﺅ ہے۔حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق حافظ آباد میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ ہو گیا۔ دن اور رات کے دوران بجلی کئی کئی گھنٹے بند رہنے سے شہری پریشان ہو کر رہ گئے ہیں۔ منڈی شاہ جیونہ سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور اس کے گردونواح میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے تک پہنچ گیا جس سے کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے۔ مکڑوال سے نامہ نگار کے مطابق کئی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کیخلاف لوگ سراپا احتجاج بن گئے۔ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے عوام پانی کی بوند بوند کو ترس گئے۔
لوڈشیڈنگ