امن کیلئے دنیا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کیا جائے : جاپانی وزیراعظم
ٹوکیو (این این آئی+آن لائن)دوسری جنگ عظیم میں جاپان کے شہر ہیروشیما پر امریکہ کی جانب سے گرائے گئے پہلے ایٹم بم کی 70 ویں برسی منائی گئی اور اس موقع پر جاپان نے دنیا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس حوالے سے تقریب ہیروشیما کی یادگاری پارک میں منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم شنزو ابے نے شرکت کی اور دریائے موتویاسو میں ہزاروں کی تعداد میں لالٹینیں چھوڑی گئیں۔ہیروشیما پر حملے اور تین دن بعد ناگاساکی پر گرائے جانے والے ایٹم بم کے بعد دوسری جنگ عظیم کا اختتام ہو گیا تھا تاہم اس بم دھماکے میں ہیروشیما میں ایک لاکھ 40 ہزار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ ہیروشمیا پر امریکی جوہری حملہ اس بات کی اہمیت پر زور دیتا ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں سے دور رکھا جائے۔ انہوں نے یہ بات ہیروشیما پر ایٹم بم گرائے جانے کے 70 برس مکمل ہونے پر کہی۔6 اگست 1945 کو صبح آٹھ بج کر دس منٹ پر امریکی جہاز بی 29 سے گرایا جانے والا انولا گے نامی یورینیم بم زمین کی سطح سے تقریباً 1800 فٹ بلندی پر پھٹا تھا۔ قیاس ہے کہ اس روز 70 ہزار افراد موت کا شکار ہوئے تھے کئی مہینوں تک رہنے والے زہریلی تابکاری اثرات سے بے شمار افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے تھے۔ہیروشیما کے امن پارک میں منعقدہ تقریب میں چار ہزار افراد نے شرکت کی یہ بم دھماکے کا مرکزی مقام بھی تھا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شنزو آبے نے دنیا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوںنے کہاکہ ایٹم بم نے ہیروشیما میں نہ صرف ہزاروں افراد کو مارا بلکہ اس کی وجہ سے زندہ بچ جانے والوں کو بھی ناقابل برداشت مصائب کا سامنا کرنا پڑا ۔انہوںنے کہاکہ ہیروشیما دوبارہ اپنے پاو¿ں پر کھڑا ہے۔ اور ثقافت اور ترقی کا شہر بن چکا ہے 70 سال گزر چکے ہیں اور میں بین الاقوامی امن کی ضرورت پر زور دیتا ہوں۔ہیروشیما میں تقریبات کا آغاز بدھ مت کے پیشواو¿ں اور مقامی افراد کے مظاہرے سے ہوا۔ اس کے علاوہ بچوں نے ایٹم بم ڈوم نامی مقام کے سامنے ’مردہ حالت‘ میں لیٹ کر بھی اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ یہ ایٹم بم دھماکے میں بچ جانے والے چند مقامات میں سے ایک ہے ۔وزیراعظم شنزو اےبے اور ہیروشیما کے میئر کازومی ماتوسی کے ساتھ جاپان میں امریکی سفیر کیرولائن کینیڈی نے منعقد ہونے والی سرکاری تقریب میں شرکت کی جس میں خاموش دعا اور امن کا نشان فاختہ فضا میں آزاد کی گئیں۔
جاپانی وزیر اعظم