• news

کابل: 2 خودکش حملے‘ 2 بم دھماکے‘ 20 اہلکاروں سمیت 35 افراد جاں بحق‘ 250 زخمی

کابل (ایجنسیاں + رائٹر + اے ایف پی) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں 2 خودکش دھماکوں میں 20 اہلکاروں سمیت 35 افراد ہلاک اور 250 زخمی ہوگئے جبکہ ائرپورٹ اور سرکاری عمارتوں کے قریب دو بم دھماکے ہوئے، فائرنگ کی بھی آوازیں سنی گئیں۔ افغان صدر اشرف غنی نے خودکش دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ان حملوں کے باوجود امن کے قیام کیلئے پرعزم ہیںلیکن ہم اس قسم کے دہشت گردانہ حملوں کا پوری طاقت کے ساتھ جواب دیں گے۔ جمعہ کوغیر ملکی میڈیا کے مطابق دارالحکومت کابل میںباغ بالا کے قریب پولیس وردی میں ملبوس ایک خودکش بمبار نے پولیس اکیڈمی کے مرکزی گیٹ پر خود کو اڑا لیا جس کے نتیجے میں 20 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔ اس سے قبل دارالحکومت کابل کے گنجان علاقے شاہ شہید میں ٹرک بم دھماکے میں15 افراد ہلاک جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 250 زخمی ہوگئے۔ کابل کے پولیس سربراہ جنرل عبدالرحمان رحیمی نے بتایا کہ کابل کے گنجان علاقے شاہ شہید میں بارود سے بھرے ٹرک کو دھماکے سے اڑایا گیا، حملے میں متعدد مکان بھی تباہ ہوئے، حملے کا مقصدقتل عام تھا۔ صدارتی محل سے جاری ہونے والے بیا ن میں کہا گیا کہ خودکش ٹرک بم دھماکے میں زخمی ہونے والوں میں 47 خواتین اور 33 بچے بھی شامل ہیں۔صدر کے نائب ترجمان ظفر ہاشمی نے بتایا کہ 40 زخمی ابھی تک ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔افغان صدر نے دھماکوں میں شہریوں کے جانی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے انکے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔ پولیس اکیڈمی کے گیٹ پر پولیس وردی میں ملبوس خود کش حملہ آور نے ہفتہ وار چھٹیوں کے بعد واپس آنیوالے کیڈٹس کے درمیان خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا۔ طالبان نے پولیس اکیڈمی کے سامنے خود کش حملہ کی ذمہ داری قبول کر لی۔ ترجمان ذبیح اللہ نے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اکیڈمی پر خود کش حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔رائٹر کے مطابق گزشتہ روز تیسرا بم دھماکہ وسطی کابل میں ائرپورٹ کے قریب کیا گیا، اس دوران فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ چوتھا بم دھماکہ بھی ائرپورٹ کے قریب ہوا۔ سکیورٹی حکام کے مطابق بم دھماکہ حکومتی عمارتوں کے قریب کیا گیا، فائرنگ بھی ہوئی۔ دھماکوں کے بعد نیٹو کے طیارے فضا میں دیکھے گئے۔پاکستان نے کابل میں ہونیوالے خود کش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشت گردی کیخلاف مشترکہ جدوجہد میں ہم اپنے افغان بھائیو ں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ جمعہ کو دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کابل میں ہونیوالے خود کش حملے کی مذمت کرتا ہے جس میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ ہم دہشت گردی کی تمام صورتوں اور شکلوں کی مذمت کا اعادہ کرتے ہیں۔ دفترخارجہ کے بیان میں کہاگیا ہے کہ ہم افغانستان کی حکومت کیساتھ ملکر دہشت گردی کامقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن