• news

عمران پیر کو نئے ایجنڈے کے ساتھ قومی اسمبلی میں جائینگے، متحدہ کنفیوژن کا شکار ہے: شاہ محمود

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) تحریک انصاف کے سینئر رہنماء شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پیر کو نئے ایجنڈے کے ساتھ قومی اسمبلی میں جائیں گے اور وہاں پر اپوزیشن کا کردار ادا کرتے ہوئے سٹیٹس کو چیلنج کریں گے۔ امید ہے کہ حکومت بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کریگی اور سپیکر قومی اسمبلی ضابطہ اخلاق کو مدنظر رکھتے ہوئے ایوان کی کارروائی چلائیں گے اور عمران خان اگر بولے تو انہیں اجازت دی جائیگی ورنہ منفی روایات جنم لیں گی۔ الیکشن کمیشن کی تشکیل نو کی ضرورت ہے ایم کیو ایم کنفیوژن کا شکار ہے۔ ایم کیو ایم کے ارکان الطاف حسین کے بیانوں کا دفاع نہیں کر سکتے ہیں۔ جمعہ کے روز تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیرصدارت پارلیمانی رہنمائوں کا اجلاس بنی گالہ میں ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف اب نئے ایجنڈے کے ساتھ پیر کے روز قومی اسمبلی میں جائے گی۔ اجلاس کے بعد شاہ محمود قریشی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے قوم کو ووٹ کے تقدس کیلئے عام احتجاج کا فیصلہ کیا تھا جو کہ ہمارا حق تھا لیکن جب جوڈیشل کمیشن طے پا گیا تو پھر ہم اسمبلیوں میں واپس چلے گئے اور وہاں پرکردار اداکیا جو کہ مسلم لیگ (ن) جرگے کے ساتھیوں کا بھرپور تقاضہ تھا۔ تحریک انصاف اب ایوان میں جاکر نئی سوچ متعارف کرائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن