• news

لوڈشیڈنگ جاری‘ مردان میں مظاہرین نے گرڈ سٹیشن جلا ڈالا لاٹھی چارج کئی زخمی

لاہور+ مردان (نامہ نگاران+ نوائے وقت رپورٹ) لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے باعث کاروبار زندگی شدید متاثر ہو رہا ہے جبکہ کئی علاقوں میں پانی کی بھی قلت رہی۔ مردان میں لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جبکہ مشتعل مظاہرین نے 220کے وی گرڈ سٹیشن کو جلا ڈالا اور فرنیچر اور کئی گاڑیاں بھی نذر آتش کر دیں جبکہ پولیس کے لاٹھی چارج سے کئی مظاہرین زخمی ہوگئے۔ مظاہرین نے ہوائی فائرنگ بھی کی جبکہ جھڑپ کے دوران ایس ایچ او سمیت کئی اہلکار بیہوش ہو گئے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے قت کے مطابق گزشتہ ورز جمعہ کی نماز کے دوران بجلی کی مسلسل بندش کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ مختلف مساجد میں علماءو خطبا نے بجلی کی اس بندش کے خلاف مذمتی قراردادیں بھی پاس کروائیں اور حکومت پر کڑی نکتہ چینی کی جبکہ بجلی کی گرمی اور حبس میں طویل لوڈشیڈنگ کے باعث لوگ نڈھال ہو گئے اور سراپا احتجاج بنے رہے۔ ادھر مردان میں 220کے وی گرڈ سٹیشن پر مشتعل ہجوم نے حملہ کرکے گرڈ سٹیشن کو آگ لگا دی جس کے باعث خیبر پی کے کے 6اضلاع مردان، مالاکنڈ، نوشہرہ، صوابی اور چارسدہ سوات کو بجلی کی فراہم معطل ہو گئی۔ رشکئی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کے دوران مظاہرین نے جی ٹی روڈ پر احتجاج کیا اور روڈ بلاک کر دی۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے شیلنگ کی۔ شیخ منصور گرڈ سٹیشن پر حملے کے الزام میں متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے گرڈ سٹیشن پر حملے کی شدید مذمت کی ہے اور حملے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پی کے حکومت پر حملہ کرنے والوں کو فوراً گرفتار کرے، ذاتی طور پر خیبر پی کے حکومت سے گریڈ سٹیشن پر حملے کا معاملہ اٹھاﺅں گا۔ انہوں نے کہاکہ مردان گرڈ سٹیشن سے اس وقت سب سے زیادہ بجلی چوری ہو رہی ہے۔ پیسکو اس گریڈ سٹیشن سے 99فیصد نقصان برداشت کر رہی ہے۔ پنڈی بھٹیاں سے نامہ نگار کے مطابق غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12گھنٹے تک پہنچ گیا جس کے باعث کاروبار زندگی ٹھپ ہو کر رہ گیا، حبس اور گرمی کی شدت کی وجہ سے لوگ اذیت ناک صورت حال سے دوچار ہو گئے۔ مانانوالہ سے نامہ نگار کے مطابق گرمی اور حبس میں طویل لوڈشیڈنگ کے باعث لوگ بے حال ہو گئے۔ شہر اور دیہات میں 12گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے تنگ لوگ سراپا احتجاج بن گئے۔ حبس اور گھٹن کے باعث متعدد افراد بے ہوش ہو گئے اور ہسپتال پہنچ گئے۔ ہر ایک گھنٹے بعد ایک گھنٹہ بجلی بند رہنا معمول بن گیا۔ علاوہ ازیں واپڈا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن توسیعی منصوبے سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہو گا۔ بجلی کی پیداوار ایک ہزار سے بڑھ کر 1310میگاواٹ ہو جائے گا، منصوبے پر 52ارب روپے لاگت آئے گی۔علاوہ مردان میں گرڈ سٹیشن پر حملے کا مقدمہ تھانہ شیخ ملتون میں درج کر لیا گیا۔ مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات شامل ہیں۔ علاوہ ازیں حالات کشیدہ ہونے پر فوج کے دستے طلب کرلئے گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن