• news

عمران نے عوام کیلئے کچھ نہ کیا تو گھر میں دھرنا ہو گا: ریحام

ہری پور+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) عمران خان کی اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی طاقت نوجوان ہیں۔ نوجوانوں کا مستقبل تحریک انصاف کے ہاتھ میں ہے، آپ بھابھی کو تحفہ دیں۔ خیبر پی کے حکومت آپ کو تحفہ دے گی۔ عمران خان نے عوام کیلئے کچھ نہ کیا تو گھر میں دھرنا ہو گا۔ ہری پور میں امیدوار عامر زمان کے انتخابی جلسے سے ہندکو، پشتو اور اردو میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عوام سوچیں کس کو ووٹ دینا ہے؟ ظالموں، پٹواریوں، قاتلوں، جاہلوں کو یا پڑھے لکھے نوجوان کو۔ خیبر پی کے کے پاس خان بھی ہے، جوان بھی اور بھابھی بھی جو کسی اور جماعت کے پاس نہیں ووٹ کسی اور کو نہیں تبدیلی کو دینا ہے۔ ایک تاریخ ہزارہ میرے نانا نے لکھی ایک آپ لکھیں گے۔ صرف خیبر پی کے میں غیرسیاسی پولیس اور بلدیاتی نظام ہے جو کسی اور صوبے میں نہیں جہاں تبدیلی آ گئی ہے۔ میں آپ کی عزت ہوں منی الیکشن میں میری عزت رکھنا، عمران خان بیوی کی بات نہیں سُنےں گے تو کہاں جائیں گے۔ خان اگر آپ کے مسئلے حل نہیں کریں گے تو گھر میں اس کیلئے مسئلے ہو جائیں گے۔ عمران خان صرف اللہ سے ڈرتے ہیں کسی کے آگے جھکتے نہیں۔ قبل ازیں ہری پور روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ریحام خان نے کہا کہ میرے الیکشن میں حصہ لینے کی افواہیں پھیلائی گئیں، جو اب دم توڑ چکی ہیں، باقاعدہ سیاست کا آغاز پہلے سے ہی کرچکی ہوں۔ ہری پور تبدیلی کا پہلا دروازہ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ریحام خان نے کہا کہ عمران خان کی اہلیہ ان کو کیسے غلط مشورے دے سکتی ہے۔
ریحام خان

ای پیپر-دی نیشن