• news

متحدہ کیخلاف قرارداد سندھ اسمبلی میں غیراعلا نیہ 3 رکنی اتحاد ٹوٹ گیا

کراچی (رپورٹ شہزاد چغتائی) ایم کیو ایم کے خلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد کی منظوری کے بعد سندھ مین قائم غیراعلانیہ 3 رکنی اتحاد ٹوٹ گیا۔ اس اتحاد میں پیپلزپارٹی ایم کیو ایم اور مسلم لیگ نون شامل تھی اور یہ فرینڈلی اپوزیشن کا کردار بھی ادا کر رہا تھا۔ ایم کیو ایم کے گڑھ کراچی میں قائم سندھ اسمبلی میں قرارداد کا منظور ہونا بہت بڑا سیاسی دھچکہ ہے۔ اس قرارداد کی منظوری کے بعد ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کے درمیان مزید فاصلے پیدا ہوگئے ہیں اس کے ساتھ ایم کیو ایم سندھ اسمبلی میں تنہا ہوگئی ہے اور ملک کی تمام سیاسی جماعتیں ایم کیو ایم کے خلاف متحد ہوگئی ہیں۔ سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ قرارداد کی منظوری پیپلزپارٹی کی مجبوری ہے جبکہ قرارداد مذمت کو پیپلزپاٹی کے قوم پرستوں کی کامیابی بھی قرار دیا جا رہا ہے جنہوں نے ایک ہی وار میں سیاسی جماعتوں کو منتشر کر دیا اور وہ ایک دوسرے سے دست و گریباں ہوگئی ہیں۔ ایم کیو ایم کی جانب سے سندھ اسمبلی میں آصف علی زرداری اور عمران خان کے خلاف قرارداد پیش کرنے سے سیاسی جماعتوں کے درمیان مزید انتشار پیدا ہوگا یہ صورتحال ایم کیو ایم کو قومی دھارے سے آٹوٹ کرنے میں مدد دے گی۔

ای پیپر-دی نیشن