سابق آئی جی اسلام آباد آفتاب چیمہ کیخلاف انکوائری مکمل، الزامات سے بری
اسلام آباد (آئی این پی) سابق آئی جی اسلام آباد آفتاب چیمہ کے خلاف انکوائری رپورٹ کو مکمل کرتے ہوئے انہیں تمام الزامات سے بر ی کر دیا گیا۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق اسلام آباد میں ہونیوالے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دیئے گئے دھرنے کے دوران آئی جی اسلام آباد پولیس آفتاب چیمہ کو وزارت داخلہ کے احکامات نہ ماننے پر ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ آفتاب چیمہ کو ہٹانے کے بعد ڈی جی ایف آئی اے اکبر ہوتی کو ان کی تحقیقات کرنے ی ذمہ داری دی گئی۔ایف آئی اے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ڈی جی آئی اے اکبر ہوتی نے آفتاب چیمہ کے خلاف انکوائری رپورٹ مکمل کر لی ہے۔ ڈی جی ایف آئی اے کی رپورٹ کے مطابق آفتاب چیمہ کے خلاف کوئی الزام ثابت نہیں ہوا نہ ہی ان کی جانب سے پولیس فورس کے ڈسپلن میں بھی کسی خلاف ورزی کے شواہد ملے ہیں۔ یاد رہے دھرنے کے دوران وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے آفتاب چیمہ کو احکامات نہ ماننے کے الزام میں عہدے سے برطرف کر دیا تھا۔