ہیلی کاپٹر حادثہ کے شہداء سپرد خاک، نماز جنازہ میں تینوں مسلح افواج کے سربراہوں کی شرکت
راولپنڈی (اے این این+ آن لائن) مانسہرہ ایم آئی 17ہیلی کاپٹر حادثے کے شہداء آبائی علاقوں میں اعلیٰ فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک، اجتماعی نماز جنازہ چکلالہ ایئر بیس پر ادا کی گئی جس میں مسلح افواج کے سربراہان، شہداء کے عزیز و اقارب اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ہیلی کاپٹر میں آگ لگنے سے جھلس جانے والی نعشوں کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ سے کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کی صبح مانسہر ہ ہیلی کاپٹر حادثے کے شہداء کی اجتماعی نماز جنازہ چکلالہ میں ادا کی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مانسہرہ ہیلی کاپٹر حادثے کے شہداء کی نماز جنازہ چکلالہ میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، نیول چیف ایڈمرل ذکاء اللہ، ایئر چیف سہیل امان سمیت مسلح افواج کے افسران اور شہدا کے عزیز و اقارب نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد شہداء کے جسد خاکی آبائی علاقوں میں روانہ کر دئیے گئے۔ جہاں انہیں اعلیٰ فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ پاک فوج کے چاک و چوبند دستے شہداء کے جسد خاکی کے ہمراہ بھیجے گئے تھے جنھوں نے شہدا کو سلامی پیش کی اور ان کی قبروں پر آرمی چیف اور پاک فوج کی طرف سے پھول چڑھائے۔ شہداء میں میجر مزمل، میجر ہمایوں، میجر شہزاد، میجر عاطف، میجر عثمان، کیپٹن ناصر، حوالدار منیر، نائیک عامر، سپاہی مقبول، رحمت اللہ، وقار اور امان اللہ شامل ہیں۔ حادثے کے دوران ہیلی کاپٹر میں آگ لگنے سے جھلس جانے والی میتوں کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے کی گئی۔ ترجمان کے مطابق آرمی چیف نے شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی اور ان سے اظہار افسوس کیا۔