قصور واقعہ کی رپورٹ وزیر اعلیٰ کو پیش، ملزم سزا سے نہیں بچ پائیں گے، دیگر ملزم بھی پکڑے جائیں شہباز شریف کی ڈی پی او کی ہدایت
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ شہباز شریف کوایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب عارف نواز خان اور کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل پر مشتمل اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی نے دیپالپور روڈ قصور میں پیش آنے والے واقعہ کی تحقیقاتی رپورٹ پیش کر دی ہے جس کے مطابق گائوں میں بچوں سے زیادتی کے واقعات میں ملوث 6 ملزم گرفتار کر لئے گئے جبکہ3 کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے ڈی پی او قصور کو ہدایت کی دیگر ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔ انہوںنے کہاکہ ایسے گھنائونے واقعات میں ملوث افراد کسی صورت قانون کے تحت سزا سے نہیں بچ پائیں گے اور پنجاب حکومت ان واقعات میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلائیگی۔ تحقیقاتی کمیٹی نے ان واقعات کے حوالے سے ہونیوالے احتجاج کے حوالے سے بھی رپورٹ پیش کی ہے اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مظاہرین نے پولیس پر تشدد کیا جس کے نتیجے میں 20 اہلکار زخمی ہوئے۔