آزاد کشمیر: شریعت کورٹ کے دو ججوں کا تقرر غیرقانونی قرار
مظفر آباد (نمائندہ خصوصی) آزاد جموں و کشمیر ہائیکورٹ نے شریعت کورٹ کے دو ججوں کی تقرری کو غیرآئینی‘ غیرقانونی قرار دے کر کالعدم قرار دیدیا۔ شریعت کورٹ کے دو ججوں سردار شہزاد اور مشتاق احمد جنجوعہ کی تقرری کوآزاد جموں و کشمیر ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔ سماعت لارجز بنچ جو جسٹس ایم آفتاب تبسم علوی‘ جسٹس اظہر سلیم بابر‘ جسٹس جہانداد پر مشتمل تھا‘ نے رٹ کی۔ بنچ نے تقرری کو شریعت کورٹ ایکٹ 1993ء کے ترمیمی آرڈیننس کو آئین کے منافی قرار دیدیا ہے اور اسکے تحت دونوں ججوں کی تقرری کو کالعدم قرار دیدیا ہے۔ شریعت کورٹ کے ججوں کی حیثیت سے سردار شہزاد اور مشتاق جنجوعہ کے فیصلوں اور حاصل کردہ تنخواہ و مراعات کو تحفظ دیا گیا ہے۔ جسٹس اظہر سلیم بابر نے اضافی نوٹ بھی تحریر کیا ہے۔