سرگودھا : جائیداد کے تنازعہ پر فائرنگ کر کے بڑے بھائی اور کزن کو قتل کر دیا، والد سمیت5 زخمی
سرگودھا (نامہ نگار) شاہ پور صدرمیں جائیداد کے لئے چھوٹے بھائی کی فائرنگ سے بڑا بھائی اورکزن جاں بحق جب کہ باپ سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیل کے مطابق شاہ پور کا رہائشی محمد ریاض اپنے والد اورکزن واجد وغیرہ کے ہمراہ سیشن کورٹ میں مقدمے کی پیشی کیلئے جارہے تھے کہ اس دوران مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ریاض اوراس کا ایک کزن واجد موقع پرہی جاں بحق جبکہ ریاض کے باپ سمیت 5 افراد رفیق، حیات، ظفر، ثقلین شاہ شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتال شاہ پور صدر منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے تاہم زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ جائیداد کے تنازع کا شاخسانہ ہے، فائرنگ کرنے والوں میں ریاض کا چھوٹا بھائی بھی شامل ہے۔ واقعے کی رپورٹ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لئے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔دوسری طرف جائے وقوعہ پر پولیس بروقت نہ پہنچنے پر آئی جی پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ شاہ پور ریاض خاں کو معطل کرکے انکوائری کا حکم دیدیا ہے۔