• news

جج طاہر نیازی کے قاتلوں کو کٹہرے میں لائینگے، نثار کی اہلخانہ کو یقین دہانی

راولپنڈی (آئی این پی) وزیر داخلہ چودھری نثار نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قتل ہونے والے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی طاہر خان نیازی کے گھر پہنچ گئے۔ اہل خانہ سے ملاقات میں تعزیت کا اظہار کیا اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت قاتلوں کو گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لائیگی اور اس ضمن میں پنجاب پولیس قاتلوں کی تلاش کیلئے بھرپور کوششیں کررہی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ ججوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے مزید اقدامات بہتر بنائے جائیں گے اور اس ضمن میں وہ جلد وزیراعلیٰ پنجاب سے بھی بات کریں گے۔ اہل خانہ نے وزیر داخلہ سے استدعا کی کہ انہیں انصاف چاہئے چاہے جو بھی قاتل ہوں انکو گرفتار کر کے کیفرکردار تک پہنچانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ وزیر داخلہ نے اس موقع پر کہا کہ طاہر خان نیازی ایک اصول پسند اور بہادر جج تھے اور انکی قربانی رائیگاں نہیں جائیگی۔ حکومت قاتلوں کو ہر صورت گرفتار کریگی اور کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا۔ اب تک کی تفتیش کے حوالے سے کچھ معلومات ملی ہیں۔ امید ہے راولپنڈی پولیس جلد قاتلوں تک پہنچ جائیگی۔

ای پیپر-دی نیشن