• news

تحریک انصاف کے ارکان آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرینگے، سینٹ کا اجلاس بھی ہوگا

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ+ وقائع نگار خصوصی+ آن لائن) قومی اسمبلی اور سینٹ کے اجلاس دو روزہ وقفے کے بعد آج دوبارہ شروع ہونگے جبکہ تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی عمران خان کی قیادت میں آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ عمران خان قصور میں بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات اور پنجاب پولیس کی کارکردگی پر حکومت پنجاب کو سخت تنقید کا نشانہ بنائیں گے جبکہ انتخابات 2013 میں دھاندلی کے خلاف دھرنے اور بعدازاں جوڈیشل کمشن کی کارروائی اور رپورٹ بارے بھی کئی حقائق سے پردہ اٹھائیں گے۔ سینٹ کا اجلاس ساڑھے تین بجے سہ پہر جبکہ قومی اسمبلی کا اجلاس 5بجے ہوگا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ہاﺅس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا غیرمعمولی اجلاس بھی آج اسمبلی اجلاس سے قبل طلب کر لیا۔ علاوہ ازیں قومی اسمبلی کے شروع ہونے والے اجلاس میں اپوزیشن جماعتیں قصور میں بچوں سے ہونے والی زیادتیوں کے بارے میں صدائے احتجاج بلند کرینگی۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اس سلسلے میں پہلے ہی اعلان کر رکھا ہے کہ وہ اس معاملے کو قومی اسمبلی میں اٹھائیں گے۔ دوسری اپوزیشن جماعتیں بھی اس ظالمانہ فعل کیخلاف آواز اٹھائیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن