قصور سکینڈل میں سیاستدان‘ پولیس دونوں ملوث ہیں‘ پرانا طرز حکمرانی اب نہیں چلے گا : عمران خان
اسلام آباد (آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ پرانے طرز کی سیاست اور حکومت ناکام ہوچکی۔ خیبر پی کے میں بلدیاتی انتخابات میں تمام جماعتوں کو شکست دی اور اقتدار عوام کے حوالے کر دیا۔ قصور واقعہ شرمناک ہے ملوث ملزمان کو عبرتناک سزائیں دلوائیں گے۔ اسمبلی میں بھی آواز اٹھائیں گے ہری پور میں ضمنی انتخابات میں پارٹی کے امیدوار راجہ عامر زمان کے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہزارہ کے لوگ زیادہ پڑھے لکھے اور شعور رکھنے والے ہیں۔ نئے پاکستان کیلئے جدوجہد کے راستے پر چل پڑے ہیں۔ منزل پر پہنچیں گے لوگ اپنے حقوق جان چکے ہیں پرانے طرز کی حکمرانی اب پاکستان میں نہیں چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی باتوں سے نہیں آتی‘ نظام کی تبدیلی سے آتی ہے۔ انقلاب بلدیاتی نظام سے شروع ہوتا ہے ہم نے اس نظام کا آغاز کردیا ہے۔ بلدیاتی نظام سے اقتدار عوام کے پاس چلا گیا۔ بلدیاتی نظام کے ذریعے ہر گاﺅں تک فنڈز جائیں گے اور عوامی مسائل حل ہوں گے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تھانے میں عام آدمی پر بہت ظلم ہوتا ہے مخالفین جھوٹے مقدمات درج کرا دیتے ہیں۔ ہم نے کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کی‘ اپوزیشن جماعتوں نے کہا کہ دھاندلی ہوئی ہے ہم نے کہا کہ دوبارہ الیکشن کرانے کو تیار ہیں۔ دوبارہ پولنگ پر تحریک انصاف کو پہلے سے زیادہ ووٹ ملے۔ صوبے میں احتساب سیل قائم کیا ہمارے وزیر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قصور واقعہ قابل شرم ہے۔ قصور سکینڈل میں پولیس اور سیاست دان ملوث ہیں ملزمان کو سزا دلوا کر رہیں گے ہم نے کے پی کے کی پولیس کو بہتر بنایا ہے تھانے اور پٹواری اور سکول بہتر کردیئے ہیں اب ہسپتال اور یونیورسٹیوں کو ٹھیک کرنا ہے۔ ہسپتالوں کی حالت بہت خراب ہے ایک بیڈ پر تین تین مریض پڑے ہوئے ہیں ان کو ٹھیک کرنے کیلئے قانون سازی کی ہے انہوں نے کہا کہ جامعات کو بھی ٹھیک کریں گے۔