• news

نوابشاہ: ایڈمرل ذکا اللہ کا بحریہ کی طرف سے سیلاب متاثرین کیلئے ایک دن کے راشن کا اعلان

اسلام آباد( سٹاف رپورٹر) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکا ء اللہ نے سیلاب متاثرین کو بحریہ کا ایک دن کا راشن دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے بحریہ کا ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ بحریہ کے نوجوان متاثرین کی بحالی کے لئے پاک فوج اور دیگر امدادی ٹیموں کے ساتھ ملکر بھر پور کردار ادا کر رہے ہیں۔ اتوار کے روز پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکاء اللہ نے نواب شاہ اور بینظیر آباد کا دورہ کیا اور سیلاب سے متاثرہ افراد سے ملاقاتیں اور امدادی کاموں کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر نیول چیف کو سیلاب سے ہونے والی تباہی اور امدادی کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پاک بحریہ کے چیف ایڈمرل ذکاء اللہ نے دورے کے دوران سیلاب متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے پاک بحریہ کا ایک دن کا راشن متاثرین کی امداد کے لیے وقف کرنے کا اعلان کیا ۔ نواب شاہ اور بینظیر آباد کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے نیول چیف ایڈمرل ذکاء اللہ کا کہنا تھا کہ بحریہ کی 17ٹیمیں اور چار سو اہلکار دیگر امدادی ٹیموں کے ساتھ مختلف علاقوں میں امدادی کاروائیوں میںمصروف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 22 جولائی کو ہی متاثرہ علاقوں میں فورس تعینات کردی تھی کیونکہ مسلح افواج کو سیلاب آنے کی پہلے سے اطلاع تھی۔ نواب شاہ میں اب تک ہماری ٹیمیں اب تک 22 ہزار افراد کو ریسیو کرچکی ہیں۔ اسکے علاوہ مشکل میں گھرے لوگوں کو 45 ٹن خوراک بھی تقسیم کی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن