جنگی کارروائیوں کا سال مکمل، امریکہ داعش کو کمزور نہ کر سکا: رپورٹ
واشنگٹن (آن لائن) امریکہ کے مشرق وسطیٰ کی شدت پسند تنظیم داعش کے خلاف حملوں کو ایک سال مکمل ہو گیا مگر تنظیم کو کسی صورت کمزور نہیں کیا جا سکا۔کرسچن سائنس مانیٹر کی ایک رپورٹ کے مطابق عراق اور شام میں اس وقت امریکہ کے 3300 فوجی تعینات ہیں جبکہ ان کے علاوہ 17 ممالک کے 1200 اہلکار بھی داعش کے خلاف عراقی فوج کے ساتھ جنگ لڑ رہے ہیں۔ داعش کے خلاف کارروائی میں ہلاکتوں پر کرسچن سائنس مانیٹر نے اے بی سی نیوز کی اس رپورٹ کا حوالہ بھی دیا ہے جس میں بتایا گیا تھا کہ امریکہ کے عراق اور شام میں فضائی حملوں میں 6 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئیں۔ کرسچن سائنس مانیٹر نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا ہے کہ پنٹا گون کے جاری اعداد و شمار کے مطابق داعش کیخلاف جنگ میں اب تک 3 ارب 50 کروڑ ڈالر (356 ارب روپے) کے اخراجات ہو چکے ہیں جبکہ جنگ پر یومیہ 94 لاکھ ڈالر (95کروڑ 69 لاکھ روپے) کا خرچہ ہو رہا ہے۔