• news

قصور سکینڈل کا مقدمہ فوجی عدالتوں میں بھیجا جائے: لاہور ہائیکورٹ میں درخواست

لاہور (وقائع نگار خصوصی) قصور جنسی سکینڈل میں گرفتار ملزموں کا مقدمہ فوجی عدالتوں میں بھیجنے کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ عثمان نور نامی شہری کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ قصور جنسی سکینڈل سے عالمی سطح پر پاکستان کی بدنامی ہوئی۔ سکینڈل میں ملوث ملزم معصوم بچوں سے بھتہ لیتے رہے، انہیں بلیک میل کرتے رہے جس سے پورے علاقے میں دہشت پھیلی اور معصوم بچوں کے مستقبل کو داﺅ پر لگا دیا گیا۔ پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت دہشت پھیلانے اور بھتہ خوری میں ملوث ملزموں کو سخت ترین سزائیں دینے کے لئے ملزموں کا ٹرائل فوجی عدالت میں کرنے کے احکامات صادر کئے جائیں۔ عدالت جنسی تشدد کا نشانہ بننے والے بچوں کے نفسیاتی علاج کا بھی حکم دے اور انکے بہتر مستقبل کے لئے مفت تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے بھی احکامات صادر کرے۔ دریں اثنا قصور جنسی سکینڈل کی تحقیقات کے لئے عدالتی کمیشن کے قیام کے خلاف اور معاملے کی حساسیت کے پیش نظر از خود نوٹس لینے کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔ سول سوسائٹی نیٹ ورک کے صدر عبداللہ ملک کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ قصور کے جنسی سکینڈل میں سینکڑوں بچوں کو نشانہ بنایا گیا مگر مقامی پولیس نے بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی بجائے ملزموں کا ساتھ دیا جس سے قصور کے شہری سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوئے۔ حکومت پنجاب اس معاملے کو لٹکانے کے لئے عدالتی کمشن قائم کرنے کا اعلان کر چکی ہے۔ اگر عدالتی کمشن قائم کر بھی دیا تو اس کا انجام فلڈ کمیشن اور سانحہ ماڈل ٹاون کی طرح ہو گا جبکہ اس عدالتی کمیشن کی سفارشات پر عمل نہ کر کے عدلیہ کو تضحیک کا نشانہ بنایا جائے گا۔
ہائیکورٹ/ درخواست

ای پیپر-دی نیشن