تاجروں کے ایک دھڑے نے 18 اگست کو ایف بی آر دفاتر کے گھیراؤ کا اعلان کر دیا
لاہور (کامرس رپورٹر+اپنے نامہ نگار سے +ایجنسیان) آل پاکستان انجمن تاجران کے عہدیداروں نے 18؍اگست کو ملک بھر میں ایف بی آر کے ریجنل دفاتر کے گھیرائو کا اعلان کر دیا ہے۔ لاہور میں ہونیوالے مشاورتی اجلاس میں مرکزی رہنمائوں کا کہنا تھا کہ 21 اگست کو ایف بی آر کے مرکزی دفتر اسلام آباد کا گھیرائو کیا جائیگا جبکہ 25؍ اگست کو ایک دن کیلئے بنکوں سے لین دین بھی بند کیا جائیگا۔ اجلاس میں انجمن تاجران کے مرکزی عہدیداروں چیئرمین خواجہ شفیق، مرکزی صدر اجمل بلوچ، مرکزی سیکرٹری جنرل نعیم میر، انجمن تاجران سندھ کے صدر عبدالقیوم قریشی، انجمن تاجران پنجاب کے صدر چودھری محبوب علی سرکی، قومی تاجر اتحاد کے مرکزی صدر شیخ مشتاق احمد، سندھ تاجر اتحاد کراچی کے صدر جمیل پراچہ، کے پی کے سے مہر الٰہی، ملک افضل، انجمن تاجران شیخوپورہ کے صدر امجد نذیر بٹ، انجمن تاجران گوجرانوالہ کے صدر رئوف احمد مغل، ملتان کے صدر ظفر احمد صدیقی ، عنصر ظہور بٹ، خواجہ عامر، شہزادہ سلیم خان، میاں خلیل عبیر ، ملک فاروق حفیظ، رضوان بٹ، شیخ عرفان اقبال ، علی نصرت بٹ، بابر اسماعیل بٹ سمیت ملک بھرسے تاجر رہنمائوں نے شرکت کی۔ جنرل سیکرٹری نعیم میر سمیت دیگر تاجر رہنمائوں کا کہنا تھا کہ حکومت معاملات کوسنجیدگی سے حل نہیں کرنا چاہتی۔ تاجروں کو ایف بی آر ضربیں لگا رہا ہے لیکن تاجر مزید اپنا استحصال نہیں ہونے دیں گے۔ جب تک مکمل طورپر ٹیکس واپس نہ لیا گیا مذاکرات کی میز پر نہیں بیٹھیں گے۔ حکومتی اقدامات سے چھوٹے تاجروں کی کمر ٹوٹ گئی ہے۔ ملک بھر میں دکانوں پر کام کرنیوالے مزدور بے روزگار ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ حکومت اپنی پالیسیاں ملکی حالات دیکھ کر بنانے کی بجائے غیر ملکی اداروں کے ایجنڈوں پر بنا رہی ہے۔ود ہولڈنگ ٹیکس کیخلاف گڈز ٹرانسپورٹرز نے 17اگست سے احتجاج و ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹرانسپوٹرز کا کہنا ہے ان کے مطالبات نہ مانے گئے تو 22اگست کو ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کریں گے اور ٹرالرز، ٹینکرز اور ٹرکوں سمیت پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاجی کریں گے۔ اپنے نامہ نگار کے مطابق پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز اور پنجاب گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن و دیگر ٹرانسپورٹ تنظیموں کے کنونشن میں آئندہ کے لائحہ کا اعلان کیا گیا۔ پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ملک شوکت علی، چیئرمین سلطان محمود پہلوان نے میڈیا سے سے گفتگو میں کہا کہ آج کا کنونشن آئندہ کے لائحہ عمل کے لئے ملک بھر کی گڈز ٹرانسپورٹرز تنظیموں کا طلب کیا گیا ہے۔ مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ AIG اور PITB کے تحت ڈرائیورز اور تمام ٹرانسپورٹ سے تعلق رکھنے والے حضرات کی تصدیق کی جائے گی۔کسی بھی داخلے کے مقام پر ٹرک ڈرائیورز اور کلینرز کی پوری جانچ پرتال کے لئے بائیو میٹرک سسٹم سے تصدیق کی جائے گی۔ تخریب کاروں کو ٹرکوں پر سفر سے روکنے کیلئے بھی لائحہ عمل ترتیب دیا گیا جس کی ذمہ داری پنجاب گڈز ٹرانسپورٹ کے چودھری ذوالفقار کو سونپی گئی،کو ڈ آف کنڈیکٹ کی تیاری کے بعد تین مقامات ملتان ،لاہور،راولپنڈی پر ٹرک ڈرائیور اورسٹاف کی مانیٹرنگ کے لئے بائیو میٹرک سسٹم مقر کیا جائے گا۔ ٹرانسپورٹرز نے مطالبہ کیا کہ ود ہولڈنگ ٹیکس ختم سروسز فوری واپس لیا جائے۔اسلام آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ود ہولڈنگ ٹیکس اور دوسرے ایشوز پر حکومت اور تاجر نمائندوں کے درمیان حتمی مذاکرات کل 12 اگست کو ہوں گے۔ حکومتی ذرائع نے بتایا ہے کہ تاجر اگر ود ہولڈنگ ٹیکس کا نفاذ مان لیتے ہیں تو ٹیکس کی رعایتی شرح 0.3 فیصد کو ستمبر کے بعد بھی جاری رکھا جا سکتا ہے۔