• news

ہر قسم کی پراسیکیوشن کی کارکردگی ناقص ہے، روایتی دلائل دیئے جاتے ہیں: ہائیکورٹ

لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے ہیپاٹائٹس کے جعلی ٹیکوں کی فروخت میں ملوث ملزم کی درخواست ضمانت کی سماعت کے دوران قرار دیا ہے کہ ہر قسم کی پراسکیوشن کی کارکردگی ناقص ہے۔ پراسکیوٹرز روایتی دلائل دیتے ہیں۔ پراسیکیوشن کو نئے قانونی نکات بھی تیار کرنے چاہئیں۔ دو رکنی بنچ نے میاں سجاد علی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ایف آئی اے نے جنوری میں ملزم کیخلاف جعلی ادویات کی فروخت کا جھوٹا مقدمہ درج کیا ہے۔ جرم قابل ضمانت ہے اس لئے ملزم کی ضمانت منظور کی جائے۔ مقامی فارما سیوٹیکل کمپنی کے وکیل اور ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزم کمپنی کا نام استعمال کر کے جعلی ٹیکے بنا رہا تھا، رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے اور اس کے قبضے سے بھاری تعداد میں جعلی ٹیکے بھی برآمد ہوئے ہیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ ملزم کے قبضے سے برآمد ٹیکوں کی ٹیسٹ رپورٹ کہاں ہے۔ ایف آئی اے کے وکیل رپورٹ جمع نہ کرا سکے۔ عدالت نے ایف آئی اے کو 11 اگست تک ملزم کی درخواست ضمانت پر بحث مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن