• news

بچوں سے زیادتی کے ملزم کٹہرے میں لانے چاہئیں: اقوام متحدہ


اقوام متحدہ (نمائندہ خصوصی) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اگرچہ ابھی تک سرکاری طور پر پاکستان میں بچوں سے زیادتی کے حوالے سے کچھ نہیں کہا گیا تاہم اس واقعہ کے ملزموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ ترجمان سٹیفن دوجارک نے کہا کہ یہ اطلاعات امریکی اخبارات الیکٹرانک میڈیا سے ملی ہیں۔ پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق نے قصور میں بچوں کے حوالے سے سامنے آنے والے جنسی سیکنڈل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات کے عمل کو تیز کیا جائے اور بچوں کو جنسی تشدد سے تحفظ دینے کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں۔ کمیشن نے کہا کہ ’’قصور میں سامنے آنے والے بچوں کے جنسی سیکنڈل کے ہولناک واقعہ نے کمیشن کو دہشت زدہ کردیا ہے۔ ہوسکتا ہے کہ اس واقعہ میں جنسی تشدد کا شکار ہونے والے بچوں کی تعداد کے حوالے سے کوئی ابہام ہو، وقوعہ کے وقت کے حوالے سے بھی ابہام ہوسکتا ہے، یہ امکان بھی ہوسکتا ہے کہ زمین کا تنازعہ اس واقعہ کے ساتھ منسلک ہو، لیکن اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ اس واقعہ نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن