• news

طویل لوڈ شیڈنگ جاری ، لوگ سراپا احتجاج، شیخوپورہ میں 3 مقامات پر مظاہرے

لاہور + شیخوپورہ (نامہ نگاران + نامہ نگار خصوصی) طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے باعث لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا اور لوگ سراپا احتجاج بنے رہے۔ کئی علاقوں میں پانی کی بھی قلت رہی۔ چیچہ وطنی سے نامہ نگار کے مطابق لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں دو سے تین گھنٹے تک اضافہ کردیا گیا ہے۔ گرمی اور حبس کی وجہ سے بچوں اور خواتین کا جینا دوبھر ہوگیا۔ ساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ بھلوال سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور اسکے گردونواح میںغیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے نظام زندگی معطل ہو کر رہ گیا ہے۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا۔ ادھر شہر اور گردونواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی، لوڈ شیڈنگ سے کاروباری حضرات کیساتھ ساتھ گھریلو صارفین بھی شدید پریشان ہیں شدید گرمی اور حبس کے باعث تین افراد کے بیہوش ہونے کی اطلاع ملی ہے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کیخلاف شہر کے تین مختلف مقامات پر مظاہرے بھی کیے گئے۔ مظاہرے پریس کلب کے سامنے، ہائوسنگ کالونی اور پرانا شہر میں کئے گئے اور شدید نعرہ بازی کی گئی۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق لوڈشیڈنگ میں مزید اضافہ ہوگیا ہے اور بجلی کی بندش کا دورانیہ 12 گھنٹے سے بڑھ گیا، پانی کی بھی شدید قلت رہی۔ مساجد میں وضو کیلئے پانی غائب ہو گیا نمازی پر یشان ہوگئے۔شہباز خاں روڈ، کھارا روڈ، کوٹ مراد خاں، بھسر پورہ، پاکیزہ کالونی،کوٹ غلام محمد، اور اس کے علاوہ کئی دیہاتوں میں لودشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ بجلی کی آنکھ مچولی اور گرمی کے باعث شہریوں کی چیخیں نکل گئیں،خواتین ماتم کرتی رہیں۔ شہریوں نے واپڈا کی سب ڈویژنوں کے باہر احتجاج کیا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق صارفین کو مسلسل بجلی کی فراہمی کیلئے گیپکو حکام کو 1795 میگاواٹ درکار ہیں جبکہ اس وقت گیپکو کو 1265 میگا واٹ مل رہی ہے جس کے باعث شدید گرمی اور حبس کے موسم میںغیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ گوجرانوالہ کے گردو نواح قلعہ دیدار سنگھ‘ راہوالی‘ جنڈیالہ باغوالہ‘ فیروزوالہ‘ کنگنی والہ‘ مرالی والہ‘ نوشہرہ ورکاں‘ ایمن آباد اور دیگر علاقے بھی شامل ہیں۔ جہاں پر 10 سے زائد گھنٹوں کے لئے لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے جبکہ اندرون شہر وحدت کالونی‘ فرید ٹائون‘ نوشہرہ روڈ‘ دھلے‘ ماڈل ٹائون کے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 8 گھنٹوں سے بھی تجاوز کر چکاہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا اور وہ سراپا احتجاج بنے رہے۔

ای پیپر-دی نیشن